لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر جیمز اینڈرسن اگر نیوزی لینڈ کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں رواں ہفتے لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انگلش ٹیم کا حصہ بنتے ہیں تو یہ ان کا لارڈز پر 24 واں ٹیسٹ میچ ہوگا لارڈز ٹیسٹ میچ پر جیمز اینڈرسن نے اٹھارہ سالہ کیریئر کے دوران ایک سو تین وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ اس تاریخی میدان پر جیمز اینڈرسن نے پانچ وکٹیں اننگز میں لینے کا کارنامہ چھ بار سرانجام دیا ہے، جیمز اینڈرسن نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے کے ساتھ ہی ایلسٹر کک کا 161 میچوں کا ریکارڈ بھی برابر کردینگے جبکہ اس کے علاوہ اگروہ ٹیسٹ میچ میں آٹھ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ ان کی فرسٹ کلاس وکٹوں کی تعداد ایک ہزار ہو جائے گی ، اس حوالے سے جیمز اینڈرسن کا کہنا ہے کہ ریکارڈ بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں ان کے بنانے کی خوشی بھی بہرحال ہوتی ہے تاہم میری پہلی توجہ ٹیم کیلئے اچھی سے اچھی کارکردگی دکھانا ہے اور اس کیلئے میں مکمل طور پر تیار ہوں، ان کا کہنا تھا کہ لارڈز میں ٹیسٹ میچ کھیلنے بہت بڑا اعزاز ہے اور نیوزی لینڈ جیسی مضبوط ٹیم کیخلاف مقابلے کا اپنا ہی مزہ ہے، ان کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ ہماری ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔