قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ساتھی فاسٹ بولر حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
راولپنڈی میں پیدا ہونے والے حارث رؤف کو گزشتہ روز پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹگری سی کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس سے قبل حارث رؤف ایمرجنگ کیٹگری میں شامل تھے دونوں فاسٹ بولرز پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کا حصہ ہیں، ناصرف لاہور قلندرز بلکہ قومی ٹیم میں بھی فاسٹ بولرز کی یہ جوڑی خاصی شہرت رکھتی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف ناصرف ساتھی فاسٹ بولرز ہیں بلکہ آف دی فیلڈ گہرے دوست بھی ہیں۔27 سالہ فاسٹ بولر گزشتہ سال ایمرجنگ کیٹگری کا حصہ تھے، گزشتہ 12 ماہ میں حارث رؤف نے 22 اننگز میں 26.12 کی اوسط اور 7.46 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ31 وکٹیں حاصل کیں۔
پی سی بی کے لیے خصوصی انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوست اور ساتھی کرکٹر حارث رؤف کو سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی سے گفتگو میں حارث رؤف کا کہنا تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شمولیت کی خبر ملنے پر وہ بہت خوش ہیں اور اس سے ان کی مزید حوصلہ افزائی بھی ہو گی۔
انٹرویو کے دوران فاسٹ بولر حارث رؤف نے شاہین شاہ آفریدی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
حارث رؤف نے کہا ہے کہ انگلینڈ میں سیریز ہمیشہ چیلنجنگ رہتی ہے تاہم وہ میزبان ٹیم کے خلاف 8 جولائی سے شروع ہونے والی سیریز میں بہتر بولنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔
دونوں کھلاڑیوں نے اتفاق کیا ہے کہ وہ بولنگ میں اچھی شراکت داری قائم کرکے میزبان ٹیم کے لیےئ مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔
برطانیہ کی حکومت نے اب شائقین کو بھی اسٹیڈیمز میں میچز دیکھنے کی اجازت دے رکھی ہے۔حارث رؤف نے کہا ہے کہ وہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ فینز کے سامنے پرفارم کرنے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔شاہین آفریدی کا بھی کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ برطانیہ میں کراؤڈ کے سامنے بولنگ کر کے لطف اندوز ہوتے ہیں۔