اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ ) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر اشفاق حسین شاہ نےقومی انڈر 23 فٹ بال چیمپیئن شپ کی رنگا رنگ تقریب کا افتتاح ایبٹ آباد کے کنچ فٹ بال ہائوس گرائونڈ میں کر دیا ہے۔ اور چیمپیئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مارچ پاسٹ کیا۔ اس موقع پر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید احمد، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری نوید اکرم اور رکن کانگریس چوہدری فقیر محمد، فاٹا فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر شاہد شنواری، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری سلیم، سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود، ریجنل سپورٹس آفیسر مصور خان، گلگت بلتستان سپورٹس بورڈ کے اسسٹنٹ سیکرٹری عصمت خان اور اسرار باچہ کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
آرگنائزنگ سیکرٹری عادل خان جدون نے چیمپیئن شپ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا قومی چیمپئن شپ الاٹ کرنے پر شکریہ ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید اشفاق حسین شاہ نے کہاکہ ملک میں فٹ بال کے زیادہ سے زیادہ مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن ملکی تاریخ میں پہلی بار لیگ کروانے جارہی ہے جس کے میچز بھی فیفا ریفریز سپروائز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ریفریز اور کوچز کا اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہمارافرض ہے۔ اشفاق شاہ نے کہاکہ کھیل امن بھائی چارے کا درس دیتا ہے اور ہمیں ملک میں فٹ بال کے گرائونڈ آباد کرنے ہوںگے۔
(آج) پیر کو مزید تین میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ بلوچستان بازیگر کا مقابلہ پنجاب واریئرز سے ہوگا۔ دوسرے میچ میں کے پی کے ہزارہ اسٹارز اور خیبر ایگلز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ تیسرے میچ میں شان پنجاب اور اسلام آباد ٹائیگرز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ چیمپیئن شپ ملک بھر سے بارہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں سندھ قلندرز ، کے پی کے فالکن اور کشمیر کنگز؛ گروپ بی میں بلوچستان بازیگر ، پنجاب واریئرز اور گلگت مارخورز ؛گروپ سی میں کے پی کے ہزارہ اسٹارز، بلوچستان زوراور اور خیبر ایگلز؛ گروپ ڈی میں شان پنجاب ، سندھ سینٹس اور اسلام آباد ٹائیگرز شامل ہیں، کوارٹر فائنل مقابلے 10 جولائی کو اور سیمی فائنل 13 اور 14 جولائی کوکھیلے جائیں گے۔ تیسری پوزیشن کا میچ 15 جولائی کو جبکہ فائنل 16 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ چیمپیئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے