پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو سونپنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد سے ہم دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان اس کھیل سے کتنی محبت کرتا ہے۔
آئی سی سی بورڈ کے اس فیصلے کا مطلب ہے کہ فروری 2025 میں پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا میزبان پاکستان اس ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع بھی کرے گا۔
ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں کے مابین کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز تین مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔
پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دی تھی۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی کے اس فیصلے سے بے حد خوش ہیں اور وہ آئی سی سی اور اس کے آزاد پینل کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ایک ایلیٹ ایونٹ کے لیے میزبان ملک کے طور پر پاکستان کا انتخاب کیا ہے۔ اس ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے بورڈ ممبران اور دنیا بھر کو پاکستان کرکٹ کی بھرپور قوت دیکھنے کا موقع ملے گا۔
رمیز راجہ نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ذریعے ہم دنیا کو بآور کروائیں گے کہ ہم کتنے عظیم میزبان ہیں ،جہاں ہم اس کھیل سے اپنی محبت کا مظاہرہ کریں گے ۔ یہ ایونٹ پاکستان میں رہنے والے شائقین کرکٹ کے لیےکسی اعزاز سے کم نہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اب ہمیں آئی سی سی کی توقعات اور مقررہ معیار کے مطابق ایک ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ایک ایسی مضبوط ٹیم بھی تیار کرنی ہے کہ جو ہوم گراؤنڈ کے سامنے میدان میں اترے اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے۔