تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے باآسانی بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ۔
بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کیلئے 109 رنز کا ہدف دیا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
ڈھاکا کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی مقابلے میں بنگلادیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ کارگر ثابت نہ ہوا اور میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 108 رنز ہی بناسکی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی بیٹر کو زیادہ دیر کریز پر ٹکنے نہ دیا۔
اوپنر سیف حسن شاہین کی گیند پر بنا کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے یکے بعد دیگرے بنگلادیش کی وکٹیں گرنے لگیں۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی نے 2 جب کہ وسیم جونیئر، محمد نواز اور حارث رؤف نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کل کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی کے ہیرو فاسٹ بولر حسن علی تھے جنہوں نے 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
تین میچوں کی سیریز میں پاکستان کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیمیں آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 22 نومبر کو ڈھاکا میں کھیلیں گی۔