بائیس سال بعد یورپین ہاکی کھلاڑی پاکستانی سرزمین پر قدم رکھیں گے،
خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کی دعوت پر ہالینڈ کا معروف ہاکی کلب اتوار کو لاہور پہنچ رہاہے،
بیس رکنی ڈچ ہاکی کلب اور وزیر اعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ ٹیم کے درمیان تین میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی،انیس اوراکیس فروری کو پہلے دو میچوں کی میزبانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کرے گا،
تئیس فروری کو تیسرا میچ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں شیڈول ہے۔ چیف آرگنائزر خواجہ جینید کےمطابق تین میچون پر مشتمل اس دوستانہ سیریز کو یقینی بنانے میں ہائرایجوکیشن کمشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹرعثمان انور،
ہالینڈ ایمبیسی اسلام آباد، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپورٹس بورڈ شعیب کھوسہ، سپورٹس بورڈ پنجاب حکام نے اہم کردار ادا کیاہے۔ ڈچ کلب کے خلاف ایک بہترین ٹیم میدان میں اتاری جارہی ہے۔
پہلے میچ کو پنجاب پولیس کے شہدا کے نام کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ بائیس سال بعد یورپین کھلاڑیوں کا پاکستان آنا تازہ ہوا کا جھونکا ہے، اس سے ہاکی کی انٹرنیشنل سرگرمیاں بحال ہونے میں مدد ملے گا،
ایک طرف پی ایس ایل کے میچز کھیلےجارہےہیں تو دوسری جانب ڈچ ہاکی کلب کا دورہ پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج بنانے میں معاون ہوگا۔ اس کلب کا شمار ہالینڈ کے قدیم کلبز میں ہوتاہے،
انیس سو پینتس میں اس کلب کی بنیاد رکھی گئی، اس کے بہت سے کھلاڑی ہالینڈ کی نمائندگی بھی کرنے کے قابل ہوئے، کلب کی روایت رہی ہے کہ موسم سرد ہونے پر یہ سپین، پرتگال، آسٹریلیا،جنوبی امریکا کا رخ کرتے تھے،
اس بار ہم نے ان کو بڑی مشکل سے پاکستان آنے پر راضی کیاہے تاکہ یہاں دنیا کے سب سے بڑے ہاکی اسٹیڈیم میں ان کو کھیلنے کا موقع مل سکے،ملکی لیجنڈ کھلاڑیوں کے ساتھ ملاقات کرانے کے ساتھ ان کو پاکستان کا روشن چہرہ دکھایاجائَے۔
کلب ممبران اور ان کی فیمیملز کو پاکستان آنے کے لیے قائل کرنےمیں ڈچ ایمبیسی اسلام آباد کا کراداربھی بہت نمایاں رہا۔ مہمان کلب کے لیے پنجاب پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے،
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انوراس معاملے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں،خواجہ جینید نے واضح کیا کہ وزیر اعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ملک بھر میں نئے کھلاڑیوں کی تلاش اور مختلف کھیلوں کی لیگز کرانے کا ٹاسک بطور چیئرمین مجھے سونپا گیاتھا،
ہائرایجوکیشن کمشن کے پلیٹ فارم سے ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائلز اور لیگز کروانے کا مقصد ہی یہ تھا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنے ٹیلنٹ کو دکھانے کا موقع دیاجائے،
یہ سیریز بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس سے نہ صرف ہاکی کا بین الاقوامی سطح پر تشخص بحال ہوگا بلکہ پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کے خاتمے میں بھی بہت مدد ملے گی۔ ۔