اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ ؛ پاکستان نے نیپال کو 9 وکٹوں سے ہرادیا

اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں۔ پاکستان نے نیپال کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔

نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔

پاکستان نے جواب میں 11.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

سعدیہ اقبال کی عمدہ بولنگ ، ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں۔

گل فیروزہ کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی نصف سنچری۔

گل فیروزہ اور منیبہ علی کی 105 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ ۔

منیبہ علی 46 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔

پاکستان ٹیم اپنا تیسرا میچ منگل کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گی۔

دمبولا 21 جولائی 2024:ء اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان ویمنز نے نیپال ویمنز کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

اس میچ کی خاص بات سعدیہ اقبال کی عمدہ بولنگ ،گل فیروزہ کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی نصف سنچری اور منیبہ علی کے ساتھ سنچری اوپننگ پارٹنرشپ تھی۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی پہلی کامیابی ہے۔

گروپ اے سے انڈیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ آج اس نے دوسرے میچ میں متحدہ عرب امارات کو78 رنز سے شکست دی۔ انڈیا نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ نیپال نے متحدہ عرب امارات کے خلاف اپنا پہلا میچ چھ وکٹوں سے جیتا تھا۔

پاکستان اور نیپال کے میچ میں ندا ڈار نے ٹاس جیت کر پہلے نیپال کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔

پاکستان ٹیم نے جواب میں 11.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔
پاکستان ٹیم کی بولرز کی عمدہ کارکردگی نے نیپال کو کسی بھی موقع پر اعتماد سے بیٹنگ کا موقع نہیں دیا۔

میچ کے پہلے ہی اوور میں فاطمہ ثنا نے سمجھنا کھاڈکا کو 4 کے انفرادی اسکور پر نشرہ سندھو کے ہاتھوں کیچ کرادیا جس کے بعد دسویں اوور تک نیپال کی چار وکٹیں گرچکی تھیں۔ سعدیہ اقبال نے اپنے ایک ہی اوور میں کبیتا کنور اور کپتان اندو برما کو آؤٹ کردیا۔

نیپال کی طرف سے کبیتا جوشی چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔
سیتا رانا نے تین چوکوں کی مدد سے 26 اور پوجا مہاتو نے بھی تین چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کیے۔ گل فیروزہ اور منیبہ علی نے پاکستان کو 105 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی دوسری سنچری اوپننگ پارٹنرشپ ہے۔اس سے قبل جویریہ خان اور جویریہ رؤف نے 2013 میں آئرلینڈ کےخلاف پہلی وکٹ کے لیے 123 رنز بنائے تھے۔

گل فیروزہ 10 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ منیبہ علی نے 46 رنز اسکور کیے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔

مختصر اسکور۔ نیپال ویمنز 108 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) کبیتا جوشی 31 ناٹ آؤٹ ۔ سعدیہ اقبال 19 / 2 وکٹ
پاکستان ویمنز110 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ ( 11.5 اوورز ) ۔گل فیروزہ 57 ۔ منیبہ علی 46 ناٹ آؤٹ
نتیجہ ۔ پاکستان ویمنز نے 9 وکٹوں سے میچ جیتا

تعارف: News Editor

error: Content is protected !!