خیبرپختونخوا میں چیس کے فروغ کی راہ میں رکاوٹیں؛
متوازی ایسوسی ایشن بنانے کی کوششوں کا انکشاف
پشاور: خیبرپختونخوا چیس ایسوسی ایشن کے صدر عمر خان نے چیس کی ترقی اور فروغ کے لیے صوبے میں اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ تاہم بعض عناصر صوبے میں کھیلوں کے نظام کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یہ عناصر متوازی سپورٹس ایسوسی ایشن قائم کرنے کے لیے سرگرم ہیں، جو صوبے میں چیس کے فروغ کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔
عمر خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپختونخوا میں چیس کے فروغ کے لیے گراس روٹس لیول پر مقابلوں کا انعقاد کر رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں مرد و خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت ہوتی ہے،
اور یہ سب کچھ اپنی مدد آپ کے تحت کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کھیل سے کسی قسم کا مالی تعاون نہیں مل رہا، لیکن اس کے باوجود خیبرپختونخوا میں قومی سطح کے چیس مقابلے کامیابی سے منعقد کیے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان مقابلوں میں پشاور، سوات، چترال، ڈی آئی خان، مردان، کوہاٹ سمیت صوبے کے مختلف اضلاع کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے بڑی تعداد میں کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔
عمر خان جو کہ چیس فیڈریشن أف پاکستان کے سیکرٹری جنرل بھی ہیں، نے تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ افراد اپنی ذاتی مفادات کے لیے خیبرپختونخوا میں چیس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے صوبائی محکمہ کھیل کے ڈی جی اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان سازشی عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ چیس کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات متاثر نہ ہوں