سرفراز احمد چیمپئنز ون ڈے کپ میں ڈولفنز کے مینٹور مقرر
مجھے امید ہے کہ کھلاڑی بہترین پرفارمنس سے ٹورنامنٹ کو کامیاب کریں گے۔ سرفراز احمد۔
لاہور 4 ستمبر۔
دو بار کے آئی سی سی ایونٹ ونر سرفراز احمد اس ماہ ہونے والے چیمپئنز ون ڈے کپ میں ڈولفنز ٹیم کے مینٹور ہونگے۔
یاد رہے کہ 12 سے 29 ستمبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہونے والے چیمپئنز ون ڈے کپ میں پانچ ٹیمیں اسٹالیئنز۔ لائنز۔ پینتھرز ۔ وولوز اور ڈولفنز حصہ لیں گی۔
سرفراز احمد سے قبل شعیب ملک اسٹالیئنز، مصباح الحق وولوز، وقاریونس لائنز اور ثقلین مشتاق پینتھرز کے مینٹور مقرر کیے جاچکے ہیں۔
ڈولفنرز کی ٹیم کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی پریکٹس اور ٹریننگ کرے گی۔
سرفراز احمد54 ٹیسٹ 117ون ڈے اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 6164 رنز بنانے کے علاوہ 315 کیچز اور 56 اسٹمپڈ کیے ہیں۔انہوں نے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کی ہے۔
ان کی قیادت میں پاکستان نے 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ اس سے قبل ان کی قیادت میں پاکستان 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔
سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرچکی ہے۔ وہ پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میں سنچری اسکور کی ہے۔
سرفراز احمد کا ڈولفنز ٹیم کا مینٹور مقرر کیے جانے پر کہنا ہے کہ اعلی درجے کی ڈولفنز کا مینٹور بننا میرے لیے ایک نیا تجربہ ہے اس ٹورنامنٹ میں سخت مقابلے متوقع ہیں۔ میں ایک کرکٹ پروفیشنل کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو سیکھنے اور مزید ترقی دینے کے سلسلے میں پرجوش ہوں۔
سرفرازاحمد کا کہنا ہے کہ جو چیز میرے اس رول کو مزید دلچسپ اور چیلنجنگ بناتی ہے وہ یہ ہے کہ میں بحیثیت کھلاڑی بھی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لوں گا۔ میرا جذبہ اور ہر میچ جیتنے کی امنگ ہمیشہ کی طرح مضبوط ہے۔ میرا رول کپتان کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کو ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے سپورٹ کرنا ہے۔
سرفراز کا کہنا ہے کہ میں اس کردار کے لیے پوری طرح پرعزم ہوں اور ڈولفنز کی ٹیم کے لیے ایک بامعنی شرکت کے لیے بے چین ہوں جن کے ساتھ میں کچھ یادگار میچوں میں شامل رہا ہوں۔
ان میں 2007 کے ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میں اسٹالینز کے خلاف آخری اوور میں شکست، 2009 پینٹنگولر ون ڈے کپ کے فائنل میں بیئرز کے خلاف 78 رنز کی فتح اور 2010 کے ٹی ٹوئنٹی کپ فائنل میں لائنز کے خلاف 37 رنز سے شکست شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ چیمپئنز ون ڈے کپ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ کے پرجوش شائقین کی امیدوں سے بڑھ کر رہے گا مجھے یقین ہے کہ تمام کھلاڑی اپنی بہترین پرفارمنس دیں گے، جس سے اس ٹورنامنٹ کو زبردست کامیابی ملے گی۔
چیمپئنز ون ڈے کپ میں ڈولفنز کے میچوں کا شیڈول۔( تمام میچز تین بجے شروع ہونگے )
14 ستمبر۔ بمقابلہ پینتھرز۔
17ستمبر۔ بمقابلہ وولوز۔
19 ستمبر۔ بمقابلہ اسٹالیئنز۔
22 ستمبر۔ بمقابلہ لائنز۔