نیشنل سینئرز کرکٹ کپ ; گولڈن ایگلز نے یو بی سپورٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

25واں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ 2024-25 (سنٹرل پنجاب)

دفاعی چیمپئن گولڈن ایگلز نے یو بی سپورٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

چیئرمین پنجاب ویٹرنز زاہد حسین افتتاح کیا

لاہور ;  پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 25ویں نیشنل سینئرز کرکٹ کپ 2024-25 (سنٹرل پنجاب) کا شاہ فیصل کرکٹ گرائونڈ پر آغاز ہوگیا۔

افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ظفر حئی بٹ نے کیا۔ قومی ترانہ بجایا گیا۔ چیئرمین پنجاب ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن زاہد حسین نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے فیتہ کاٹ کر افتتاح کاا علان کیا۔

سابق سی ای او پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن نواب عاشق حسین قریشی مرحوم کےلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔ مرحوم کی شاندار خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر سی ای او پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن عامر الیاس بٹ، سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم مصباح الحق، کپتان محمد سلمان خان، کپتان ڈاکٹر عبدالمنان، مینیجر عامر کیبلز ارشد محمود اور دیگر کھلاڑی موجود تھے۔

دفاعی چیمپئن گولڈن ایگلز نے یو بی سپورٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ۔ یوبی سپورٹس کے کپتان عبدالمنان نے ٹاس جیت کر پہلے خود کھیلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔

رفاقت علی نے عمدہ بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 50، ظفر حئی بٹ 28، سہیل افضل 17 اور آصف اقبال نے 15 رنز بنائے۔ گولڈن ایگلز کی طرف سے عامر حیات،عمران خالد، عقیل ارشد، محمد ریحان نے 2-2 جبکہ میاں یاسر نے 1 شکار کیا۔

جواب میں گولڈن ایگلز نے 24.2 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پوراکرلیا۔ عمران خالد نے شاندار بیٹنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 78رنز ناٹ آئوٹ جبکہ کپتان محمد سلمان خان نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔

یوبی سپورٹس کی طرف سے حیدر علی نے 2 جبکہ ظہور الہٰی نے 1 وکٹ حاصل کی۔ قیصر وحید، خرم صدیق امپائر جبکہ ساجد عثمان اور محمد حذیفہ نے سکورنگ کے فرائض انجام دیئے جبکہ محمد ارشد نے کمنٹری کے فرائض انجام دیئے۔

تعارف: News Editor