جیت کا سہرا نعمان علی اور ساجد خان کے سر جاتا ہے، کپتان شان مسعود
پاکستان قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں فتح کا سہرا اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان کے سر جاتا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے لیے جیت ضروری تھی، کئی مشکلات کے بعد کامیابی ملنا خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ آج کی فتح بہت ضروری تھی ، راولپنڈی میں بھی ایسے ہی پرفارم کریں گے۔ انگلینڈ کیخلاف فتح کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ پہلی جیت پر جذبات کچھ الگ ہوتے ہیں،
ہم بہت مشکل وقت سے گزرے ہیں، گزشتہ 3سال اور کچھ ماہ سےہم اس جیت کے لیے بے تاب تھے، ہم نے اس ٹیسٹ میں 20وکٹیں حاصل کیں، ہم اس ٹیسٹ میں نئی حکمت عملی سے میدان میں اترے۔
انہوں نے کہا کہ نعمان علی اور ساجد خان نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، پوری ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور جیت میں کردار ادا کیا، کامران غلام کو ورلڈ نمبر ون بیٹر کی جگہ ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، کامران غلام نے پہلی اننگ میں شاندار سنچری سکور کی۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے بعد انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم میں تبدیلی کا پلان تھا، ہر کھلاڑی نے اپنے اپنے شعبے میں کردارادا کیا ہے، آج کی جیت بہت ضروری تھی، جو بھی کرکٹ کو فالو کرتا اس کو اس جیت کی تلاش تھی، جب سے میں بطور کپتان آیا رسک لینے سے کبھی نہیں گھبرایا۔
قومی کپتان نے کہا کہ جو چیزیں خراب ہیں وہ دن رات میں ٹھیک نہیں ہو سکتیں، ہمیں جیت کے لئے 20 وکٹیں درکار تھیں اور آگے بھی یہی فارمولا ہو گا، تنقید کو درست انداز میں لیتا ہوں،اس سے بہت کچھ سیکھتا ہوں، ہمیں پچھلی 2 سیریز ہارنے کا بہت دکھ ہے، کئی میچز میں ہم بہت قریب جا کر ہارے۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ اس سے بڑی بات نہیں ہوسکتی کہ آپ اپنے ملک کیلئے کھیل رہے ہوں، نئی سلیکشن کمیٹی آئی تو سب ساتھ بیٹھے تھے،
ہم نے دیکھا کہ ٹیسٹ میں 20 آؤٹ کس طرح کیے جاسکتے ہیں، کریڈٹ نعمان علی اور ساجد خان کو دینا ہوگا، ہمیں رسک لینے پڑیں گے یہ ٹیسٹ میچ کا اصول ہے، 3 سال اور 11 ماہ بعد پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کو یہ جیت ملی جس پر بہت خوشی ہے۔
بیٹنگ کیلئے وکٹ آسان نہیں تھی، پاکستان سپنرز نے اچھا کھیل پیش کیا: بین سٹوکس
انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس نے کہا کہ پاکستان کے سپنرز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، ہم نے کچھ اہم کیچز بھی ڈراپ کیے، برائیڈن کارس اور میتھیو پوٹس نے اچھی باؤلنگ کی، وکٹ بیٹنگ کیلئے آسان نہیں تھی۔