انجینئر اورنگزیب خلیل کا اسلامیہ کالج پشاور میں کرکٹرز کو تربیتی لیکچر،
نوجوان کھلاڑیوں کے لئے حوصلہ افزائی کا پیغام
پشاور: انجینئر اورنگزیب خلیل جو کھیلوں سے گہری محبت رکھتے ہیں اور خود بھی سکول اور کالج کے دور میں کرکٹ کھیل چکے ہیں، نے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے ایک حوصلہ افزا قدم اٹھایا۔
انہوں نے اسلامیہ کالج پشاور میں کرکٹرز کے لئے ایک خصوصی لیکچر کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے کھیلوں کی اہمیت اور کامیابی کے حصول کے لئے محنت، نظم و ضبط اور تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔
اپنے خطاب میں انجینئر اورنگزیب خلیل نے نوجوان کھلاڑیوں کو نہ صرف کھیلوں میں بلکہ زندگی کے ہر میدان میں کامیابی کے لئے صبر اور استقامت کا پیغام دیا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں جدوجہد اور مستقل مزاجی سے ہی بہترین کارکردگی سامنے آتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی تربیت کا بھی ذریعہ ہیں اور ہمیں اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے چاہئیں تاکہ وہ ملک کا نام روشن کر سکیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوانوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کے لئے سخت محنت اور دیانتداری سے کام لینا چاہیے، اور انہوں نے کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں اپنی پوری توجہ مرکوز رکھنے کی تلقین کی۔