پاکستان سپرلیگ کے 10 ویں ایڈیشن کیلئے اسٹار کھلاڑیوں کو ڈرافٹ میں لانے کا پلان زیرغور ہے۔ پی ایس ایل فرنچائزز مالکان اور مینجمنٹ کے گزشتہ روز اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے شیڈول اور ڈرافٹنگ کی تاریخوں کو جلد ممکن بنانے پر فرنچائزز نے زور دیا، پی ایس ایل مینجمنٹ اور فرنچائزز کا مشترکہ طور پر غیر ملکی بڑے نام لانے پر اتفاق کیا۔
پی ایس ایل فرنچائزز نے غیر ملکی بڑے کھلاڑِیوں کو لانے کے لئے پی سی بی سے مالی تعاون کی بھی درخواست کی، آئی پی ایل میں ان سولڈ کھلاڑیوں کو پاکستان لانے پر زیادہ زور دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، کین ولیم سن، جونی بئیر اسٹو سے پی ایس ایل فرنچائزز کے رابطے شروع ہوگئے، فن ایلن، کیشو مہاراج، شکیب الحسن،جیمی نیشم،ٹم ساوتھی، کشال مینڈس سے بھی پی ایس ایل فرنچائزز کا رابطہ شروع ہوگیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریبا 150 سے زائد غیر ملکی بڑے کھلاڑِی آئی پی ایل میں فروخت نہیں ہوئے تھے، آئیکونک کھلاڑیوں کے لئے بھی فرنچائزز نے رابطہ شروع کردیا۔
فرنچائزز اور پی ایس ایل مینجمنٹ کا اگلا اجلاس سلمان نصیر کی دستیابی پر ہوگا، سلمان نصیر آج کل چیمپئنز ٹرافی کے لئے کام کررہے ہیں۔