باکسنگ ڈے ٹیسٹ کا پہلا روز ختم، شاہین 211 رنز پر ڈھیر، پروٹیز نے 3 وکٹوں پر 82 رنز بنا لیے
باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 211 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ جنوبی افریقا نے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنالیے۔
پاکستان کی پہلی اننگز کے جواب میں دن کے اختتام تک جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لیے، ٹرسٹن اسٹبز 9، رائن رکلٹن 8 اور ٹونی ڈی زورزی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کو ابھی 129 رنز کا خسارہ پورا کرنا باقی ہے اور اس وقت کریز پر ایڈن مارکرم 47 اور کپتان ٹیمبا بووما 4 رنز کے ساتھ موجود ہیں، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 2 جبکہ محمد عباس نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی پہلی اننگز
میزبان ٹیم کی دعوت پر پاکستان ٹیم نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم 36 کے مجموعی سکور پر کپتان شان مسعود کی وکٹ گرتے ہی شاہینوں بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی۔
40 کے مجموعی سکور پر صائم ایوب، 41 رنز پر بابراعظم اور 56 رنز پر سعود شکیل وکٹ گنوا بیٹھے، اوپنرز شان مسعود 17، صائم ایوب 14 رنز، بابراعظم 4 رنز اور سعود شکیل 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
کامران غلام نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا اور 54 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، محمد رضوان 27، سلمان آغا 18 ، عامر جمال 28 ، خرم شہزاد 11 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5، کوربن بوش نے 4 اور مارکو جینسن نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں سنچورین کے سپر سپورٹس پارک میں کھیلے جا رہے پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقی کپتان ٹیما باووما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ سینچورین میں کھیلا جا رہا ہے، دونوں ٹیمیں چار فاسٹ بولر کے ساتھ میچ کھیل رہی ہیں، پلینگ الیون میں کوئی سپیشلسٹ سپنر شامل نہیں۔
میزبان ٹیم کی جانب سے ایڈن مارکرم اور مہمان ٹیم کی جانب سے سلمان علی آغا اسپن بولنگ کروائیں گے، جنوبی افریقا کی طرف سے کوربن بوش نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں رسائی کے لیے جنوبی افریقا کے لیے ایک ٹیسٹ جیتنا ضروری ہے۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں میزبان جنوبی افریقا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے ٹرافی کی رونمائی کر دی گئ پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود اور ساؤتھ افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹرافی کی رونمائی کی
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ سنچورین کے سپر سپورٹس پارک میں کھیلا جارہا ہے جو باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ ہے۔
جنوبی افریقی کپتان ٹمبا باوما نے ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اس سیریز کو جیتنے پر فوکس کررہے ہیں۔
قومی کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ کنڈیشنز سیمرز کے لیے فائدہ مند ہوں گی، ہم اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرجوش ہیں۔
جنوبی افریقا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان 4 فاسٹ باؤلرز کے ساتھ میدان میں اترا ہے جبکہ ٹیم میں 7 بیٹرز شامل کیے گئے ہیں، قومی فاسٹ باؤلر محمد عباس کو اگست 2021 کے بعد پہلی مرتبہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
قومی سکواڈ ; قومی ٹیم میں کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابراعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان آغا، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔
جنوبی افریقی الیون ; جنوبی افریقا کی ٹیم کپتان ٹیمبا باووما، ٹونی ڈی زورزی، ایڈن مارکرم، ریان رکیلٹن، ٹرسٹن سٹبس، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرین، مارکو جانسن، کاگیسو ربادا، ڈین پیٹرسن، کوربن بوش پر مشتمل ہے۔