زون پانچ انٹر کلب کرکٹ:کورنگی فرینڈز کولٹس نے لانڈھی جیمخانہ کو ہرا دیا
کپتان عمران شیخ کی کارگر حکمت عملی،محمد غفران کی تین وکٹیں،فاتح ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی


زون پانچ انٹر کلب کرکٹ:کورنگی فرینڈز کولٹس نے لانڈھی جیمخانہ کو ہرا دیا
کپتان عمران شیخ کی کارگر حکمت عملی،محمد غفران کی تین وکٹیں،
فاتح ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)
کورنگی فرینڈز کولٹس نے کپتان عمران شیخ کی عمدہ،کارگر اور موثر حکمت عملی کی بدولت اپنے سے کہیں زیادہ مضبوط حریف لانڈھی جیمخانہ کو 35رنز سے شکست دے کر ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی زون پانچ کے زیر اہتمام جاری ٹی20ناک آؤٹ انٹر کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
آر ایل سی اے گراؤنڈ پر کھیلے گئے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں کورنگی فرینڈز کولٹس نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ20اوورز میں تین وکٹوں کے نقصا ن پر 175رنز اسکور کئے،
محمد آصف 49گیندوں پر6چوکوں کی مد دسے54رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ زبیر احمد نے 30گیندوں پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست47اور محمد غفران نے ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے32رنز اسکور کئے۔
ساحل اقبال،محمد عابس اور فیض احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں لانڈھی جیمخانہ کے بیٹرز کورنگی فرینڈز کولٹس کے کپتان عمران شیخ کی عمدہ فیلڈ پلیسنگ،
اپنے بالروں کے بہترین استعمال اور کھلاڑیوں کی جانب سے شاندار فیلڈنگ کے باعث 20اوورز میں سات وکٹوں پر 140رنز بنا سکے اور 35رنز سے کوارٹر فائنل ہار گئے۔
محمد عابس پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ سفیان عثمانی29،حسن خان18اور حسن اقبال12رنز بنا سکے۔ کورنگی فرینڈز کولٹس کی جانب سے محمد غفرا ن نے شاندار بالنگ کی اور 26رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے
جبکہ کپتان عمران شیخ نے چار اوورز میں 20رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔شیخ عبداللہ اور محمد آصف نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔


