فٹ بال

ٹرمپ کی نئی سفری پابندیوں سے فیفا کلب ورلڈ کپ اور گولڈ کپ کے کھلاڑی مستثنیٰ قرار

ٹرمپ کی نئی سفری پابندیوں سے فیفا کلب ورلڈ کپ اور گولڈ کپ کے کھلاڑی مستثنیٰ قرار

واشنگٹن: ویب ڈیسک ;  وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دستخط کردہ نئی سفری پابندیاں رواں سال امریکا میں ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ اور کونکاکیف گولڈ کپ کے کھلاڑیوں اور ٹیموں کے عملے پر لاگو نہیں ہوں گی کیونکہ یہ دونوں بین الاقوامی ٹورنامنٹس استثنائی حیثیت رکھتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق صدر ٹرمپ نے ایک صدارتی فرمان پر دستخط کیے، جس کے تحت 19 ممالک کے شہریوں پر مکمل یا جزوی سفری پابندیاں عائد کی گئی ہیں،

ان میں سے 12 ممالک پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے، جن میں افغانستان، میانمار، چاڈ، کانگو، ایکویٹوریل گنی، اریٹیریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے واضح کیا کہ ورلڈ کپ، اولمپکس، اور دیگر “اہم کھیلوں کے مقابلے” جیسا کہ کلب ورلڈ کپ اور گولڈ کپ، اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں، یہ استثنیٰ نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ ٹیم کے عملے کے لیے بھی ہوگا، بشرطیکہ وہ ٹورنامنٹس کے سلسلے میں امریکہ آ رہے ہوں۔

خیال رہےکہ ہیٹی کی قومی ٹیم رواں برس گولڈ کپ میں شرکت کرے گی اور 22 جون کو امریکی ٹیم کے خلاف گروپ ڈی کے اختتامی میچ میں میدان میں اترے گی۔

اسی طرح کلب ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی یورپی چیمپئنز لیگ کی فائنلسٹ ٹیم “انٹر” کے اسکواڈ میں ایران سے تعلق رکھنے والے مہدی طارمی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ امریکا 2026 میں فیفا ورلڈ کپ اور 2028 میں اولمپکس کی میزبانی بھی کرے گا۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل نیشنل ویمنز سوکر لیگ (NWSL) سے تعلق رکھنے والی چار زیمبیا کی کھلاڑیوں کو چین میں ہونے والے میچز کے لیے اسکواڈ سے خارج کر دیا گیا تھا،

جب کہ وینزویلا سے تعلق رکھنے والی کھلاڑی دینا کاسٹیانوس نے بھی امریکی سفری پالیسی میں غیر یقینی صورت حال کے باعث اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی سے معذرت کی تھی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!