پرتگال نے فیفا ورلڈکپ 2026 کیلئے کوالیفائی کرلیا

پرتگال نے آرمینیا کو بڑے مارجن سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
اتوار کو کھیلے گئے میچ میں کپتان کرسٹیانو رونالڈو کی غیر موجودگی کے باوجود پرتگال نے آرمینیا کو 1-9 سے ہرایا اور کوالیفائنگ راؤنڈ کے اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں جگہ بنالی۔
پرتگال کی فتح میں برونو فرنینڈس اور جواؤ نیویس نے اہم کردار ادا کیا، دونوں کھلاڑیوں نے ہیٹ ٹرک اسکور کی، جس نے ٹیم کو گروپ ایف سے براہِ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں مدد دی۔
اس سے قبل جمعرات کو پرتگال کو آئرلینڈ کے ہاتھوں 0-2 کی شکست ہوئی تھی، اور اسی میچ میں رونالڈو کو ریڈ کارڈ ملنے کے بعد میدان سے باہر بھیج دیا گیا تھا، جس کے باعث وہ آرمینیا کے خلاف میچ نہیں کھیل سکے۔
میچ کے بعد رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ورلڈ کپ میں پہنچنے پر پُرجوش ہیں اور پرتگالی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



