دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ) انگلش ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ون ڈے رینکنگ میں سالانہ اپ ڈیٹس کے بعد پہلے نمبر پر براجمان ہو گئی۔ انگلینڈ نے بھارت کو پہلی پوزیشن سے محروم کرتے ہوئے 5 برس بعد ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انگلینڈ نے آخری بار جنوری 2013ء میں ون ڈے کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں تنزلی کے بعد دوسرے اور تیسرے نمبر پر چلی گئیں۔ پاکستانی ٹیم بدستور چھٹے نمبر پر براجمان ہے تاہم اس کے ریٹنگ پوائنٹس میں 6 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے اور اب گرین شرٹس آسٹریلیا سے صرف دو پوائنٹس کی دوری پر ہے۔ بدھ کو آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے رینکنگ میں سالانہ اپ ڈیٹس کی گئی جس کے تحت انگلینڈ کے 8 پوائنٹس میں اضافہ ہوا اور وہ 125 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ نمبر پر براجمان ہو گئی، انگلینڈ نے بھارت سے ٹاپ پوزیشن چھینی ہے، بھارتی ٹیم ایک پوائنٹ کی کمی کی وجہ سے تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی، جنوبی افریقہ 4 پوائنٹس گرنے کے بعد دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلی گئی، نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے تاہم اس کے بھی دو پوائنٹس کم ہوئے ہیں، عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم کے 8 پوائنٹس کم ہوئے ہیں اور وہ 104 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے، پاکستان کی بھی چھٹی پوزیشن برقرار ہے لیکن اس کے 8 پوائنٹس میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد پاکستان اور آسٹریلیا کے پوائنٹس میں صرف دو پوائنٹس کا فرق رہ گیا ہے، بنگلہ دیش کو بھی تین پوائنٹس ملے ہیں اور وہ ساتویں نمبر پر برقرار ہے، سری لنکا کا آٹھواں نمبر ہے لیکن اس کے پوائنٹس میں 7 پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے، ویسٹ انڈیز نویں، افغانستان دسویں، زمبابوے گیارہویں اور آئرلینڈ بارہویں نمبر پر ہیں۔