پاکستان کی قومی اور انڈر 23 فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ لاہور پہنچ گئے


پاکستان کی قومی اور انڈر 23 فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ لاہور پہنچ گئے
پاکستان مینز اور انڈر 23 فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو پاکستان پہنچ گئے۔ فٹبال ہاؤس لاہور پہنچنے پر قائم مقام جنرل سیکریٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر پی ایف ایف کا اسٹاف بھی موجود تھا۔ سولانو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انڈر 23 اور مینز سینئر ٹیم کا بطور ہیڈ کوچ چارج سنبھال کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
ہم اپنے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہیں، اور تمام کھلاڑیوں کو مل کر لے کر چلوں گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے آف اینڈ آن پچ دونوں پر بھر پور کام کرنا ہے لیکن پہلا ہدف اے ایف سی انڈر 23 کوالیفائرز ہے جو کمبوڈیا میں ہونے جا رہے ہیں۔
ہمیں ذہنی طور پر مضبوط رہنا ہوگا، بہترین کھلاڑیوں کو اکٹھا کرنا ہوگا، اور جذبے کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ سولانو نے صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں سید محسن گیلانی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ موقع دیا۔
میں پاکستان میں فٹبال کے فروغ میں اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کروں گا۔ صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے نولبرٹو سولانو پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوچ سولانو وسیع تجربہ اور ایک مضبوط وژن کے ساتھ آئے ہیں۔
ہمیں یقین ہے کہ وہ پاکستان فٹبال کو ایک بہتر اور مقابلہ والی ٹیم بنانے میں مدد دیں گے۔قائم مقام جنرل سیکریٹری محمد شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک اہم قدم ہے۔ کوچ سولانو کے ساتھ ہم ایک مضبوط فٹبال ڈھانچہ قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔



