فٹ بال

یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ سنگا کپ 2025 ; لیاری فٹبال اکیڈمی نے فائنل میں جگہ بنا لی

لیاری فٹبال اکیڈمی کی شاندار پیش قدمی، سنگا کپ 2025 کے فائنل میں رسائی حاصل

سنگاپور میں جاری ایشیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹبال ٹورنامنٹ سنگا کپ 2025 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی لیاری فٹبال اکیڈمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔

لیاری کے نوجوان کھلاڑیوں نے انڈر-16 ایونٹ کے سیمی فائنل میں انڈونیشیا کی مضبوط ٹیم ٹاپ ٹینگ ایبولا کو 0-1 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اب وہ گولڈ میڈل کے لیے میدان میں اتریں گے۔

یہ کامیابی نہ صرف لیاری بلکہ پورے پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ بن گئی ہے۔

سیمی فائنل میں فتح لیاری فٹبال اکیڈمی کے کھلاڑیوں کی انتھک محنت، بہترین ٹیم ورک اور کوچنگ اسٹاف طارق تاج اور زبیر فیض کی شاندار حکمتِ عملی کا نتیجہ رہی۔ اکیڈمی کے صدر شیخ عبدالرحمن ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور فائنل کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا ہے۔

سیمی فائنل سے قبل لیاری فٹبال اکیڈمی نے کوارٹر فائنل میں بھی دلیرانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا،

جہاں انہوں نے انڈونیشیا کی معروف ٹیم سیمین پادانگ ایف سی کو سخت مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-3 سے شکست دی۔اس میچ میں گول کیپر کاشف نے شاندار دفاع کرتے ہوئے یقینی گول روک کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا۔

اس سے قبل لیاری فٹبال اکیڈمی نے آسٹریلیا کی ٹیم اوشن ریف ایس ایچ ایس کو یکطرفہ مقابلے میں 0-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ شاندار کارکردگی کے ساتھ ٹیم نے اپنی فٹبال مہارت، تکنیکی سمجھ اور نظم و ضبط سے ہر مرحلے میں سب کو متاثر کیا۔

سنگا کپ 2025 کے اس ایڈیشن میں انڈر-8، انڈر-10، انڈر-12، انڈر-14 اور انڈر-16 سمیت مختلف کیٹیگریز میں 13 ممالک کی 160 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

ٹورنامنٹ 9 نومبر تک جاری رہے گا اور اس کا یہ 15 واں ایڈیشن ہے، جس میں پہلی بار پیرا فٹبال مقابلے بھی شامل کیے گئے ہیں ، جو فٹبال میں شمولیت اور تنوع کی نئی مثال ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!