فٹ بال

پی اے ایف آل پاکستان انٹر سروسز فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا

کوچ محمد ارشد اور کھلاڑیوں کا غیرمعمولی کھیل سب پر بھاری رہا

پی اے ایف کی بلند پروازی، آل پاکستان انٹر سروسز فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گیا،

کوچ محمد ارشد اور کھلاڑیوں کا غیرمعمولی کھیل سب پر بھاری رہا

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کی فٹبال ٹیم نے اپنی شاندار کارکردگی، عزم، اور بہترین ٹیم ورک کے بل بوتے پر آل پاکستان انٹر سروسز فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

ایئر فورس کے جوانوں نے کراچی میں جاری ایونٹ کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان آرمی کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس مقابلے میں پی اے ایف نے چار پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی،

جب کہ پاکستان آرمی تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور پاکستان نیوی ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ٹورنامنٹ کا فائنل اور فیصلہ کن مقابلہ کل پی اے ایف اور پاکستان آرمی کے درمیان کھیلا جائے گا،

جہاں دونوں ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔ پی اے ایف کے کوچ اور قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد ارشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “اللہ کے فضل سے ہمارے کھلاڑیوں نے میدان میں غیرمعمولی کارکردگی دکھائی۔

ہر کھلاڑی نے ٹیم کی کامیابی کے لیے دل و جان سے محنت کی، حکمتِ عملی کے تحت کھیل پیش کیا اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی اور نیوی کی ٹیمیں بھی مضبوط ہیں،

مگر ہمارے کھلاڑیوں نے جس عزم اور یکجہتی کے ساتھ کھیل پیش کیا، وہ واقعی داد کے مستحق ہیں۔ میں نے اپنی ٹیم کو جسمانی اور ذہنی طور پر بھرپور تیار کیا تھا، اور یقین تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہم کامیاب ہوں گے،

اور الحمدللہ وہی ہوا۔ کوچ محمد ارشد کا کہنا تھا کہ اب پی اے ایف ٹیم کی نظریں ٹورنامنٹ کی چیمپئن ٹرافی پر ہیں۔ ان شاء اللہ، ایئر فورس کے شاہین یہ ٹرافی اپنے نام کریں گے اور کامیابی کا پرچم ایک بار پھر بلند کریں گے۔

پی اے ایف کے اس شاندار کھیل نے نہ صرف ٹیم کے حوصلے بلند کیے ہیں بلکہ ملک بھر کے فٹبال شائقین کے دل بھی جیت لیے ہیں۔ ٹیم کا جذبہ، نظم و ضبط، اور کوچ محمد ارشد کی رہنمائی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان ایئر فورس کھیلوں کے میدان میں بھی بلندیوں کو چھونے کے لیے پرعزم ہے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!