دیگر سپورٹس

اے ایم ایم اے ایشین یوتھ چیمپئن شپ 2025 کے لیے پاکستانی ابو ہریرہ ریفری منتخب

اے ایم ایم اے ایشین یوتھ چیمپئن شپ 2025 کے لیے پاکستانی ابو ہریرہ ریفری منتخب

پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (PMMAF) فخر کے ساتھ اعلان کرتی ہے کہ قوم کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قائم ہوا ہے، کیونکہ ابو ہریرہ کو باضابطہ طور پر پہلے اے ایم ایم اے ایشین یوتھ چیمپئن شپ 2025 میں ریفری کے فرائض سرانجام دینے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

یہ مقابلہ تیسرے ایشین یوتھ گیمز 2025 کے لیے کوالیفائنگ ایونٹ ہے، جو 28 تا 30 اگست 2025 بحرین میں منعقد ہوگا۔

ایشین مکسڈ مارشل آرٹس ایسوسی ایشن (AMMA) کی جانب سے ابو ہریرہ کی بطور ریفری تصدیق اس بات کا ثبوت ہے کہ کسی بھی اے ایم ایم اے ایشین چیمپئن شپ میں ریفری کے طور پر منتخب ہونے والے وہ پہلے پاکستانی ہیں، جو عالمی ایم ایم اے برادری میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے مقام کو اجاگر کرتا ہے۔

مکسڈ مارشل آرٹس میں اپنی کامیابیوں کے علاوہ، ابو ہریرہ جو جِٹسو ایشین یونین (JJAU) اور جو جِٹسو انٹرنیشنل فیڈریشن (JJIF) کے تحت بھی بین الاقوامی ریفری کے طور پر سند یافتہ ہیں۔

اے ایم ایم اے کی طرف سے یہ اعزاز ان کے کیریئر میں ایک اور نمایاں کامیابی ہے، جو انہیں پاکستان کے کامیاب ترین فائٹنگ اسپورٹس آفیشلز میں نمایاں مقام دلاتی ہے۔

یہ انتخاب پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ عالمی سطح پر ایم ایم اے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے اعلیٰ تربیت یافتہ کھلاڑیوں کے علاوہ ریفریز اور آفیشلز بھی تیار کر رہی ہے۔

اس موقع پر پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے صدر ذوالفقار علی نے ابو ہریرہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا:

یہ پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ ابو ہریرہ کا انتخاب نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ بین الاقوامی فائٹنگ اسپورٹس میں پاکستانی آفیشلز کے بڑھتے ہوئے وقار کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

ہم ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ اس معتبر پلیٹ فارم پر پاکستان کا نام مزید روشن کریں گے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!