ایشیاکپ: افغانستان نے ہانگ کانگ کو 94 رنز سے شکست دے دی

ایشیا کپ 2025 کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے ہانگ کانگ کو 94 رنز سے ہرادیا۔
افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ان کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 188 رنز بنائے۔
افغان کھلاڑی صدیق اللہ اتل 73 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے 53 رنز بنائے۔
ہانگ کی جانب سے آیوش شکلا اور کنچیت شاہ نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عتیق اقبال اور احسان خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر محض 94 رنز بناسکی۔ بابر حیات 39 رنز اور یاسم مرتضیٰ 16 بناکر نمایاں اسکورر رہے۔
افغانستان کی جانب سے گلبدن نائب اور فضل حق فاروقی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
ایشیا کپ 2025 میں انڈین ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی جبکہ آٹھ ٹیمیں دو گروپس میں موجود ہیں۔
گروپ اے میں پاکستان، انڈیا، عمان، اور یو اے ای شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
پاکستان کا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف ہو گا اور14 ستمبر کو گرین شرٹس کا سامنا روایتی حریف انڈیا سے ہو گا۔



