شٹل ٹائم پاکستان منی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2025 اختتام پذیر

شٹل ٹائم پاکستان منی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2025 اختتام پذیر
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) نوجوان بیڈمنٹن ٹیلنٹ کو آگے لانے اور کھیل کے فروغ کے لیے BWF شٹل ٹائم پاکستان منی بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 2025 کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں کراچی، میرپورخاص اور دیگر شہروں سے کم عمر کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
ٹورنامنٹ کا مقصد نچلی سطح سے باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا اور انہیں مستقبل کے قومی مقابلوں کے لیے تیار کرنا تھا۔ ایونٹ میں بچوں کی بڑی تعداد میں شرکت نے ثابت کیا کہ کراچی اور اندرون سندھ میں بیڈمنٹن کا شوق تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈی ایس او سینٹرل کراچی حاجرہ نواب تھیں، جنہوں نے میڈلز تقسیم کیے اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی مستقبل کے چیمپئن ہیں اور ایسے ایونٹس سے ان میں اعتماد پیدا ہوتا ہے۔
سیکریٹری سندھ بیڈمنٹن فرحان لاشاری کے مطابق گرلز سنگلز کیٹیگری میں میرپورخاص کی عائشہ سہیل نے گولڈ میڈل جیت کر سب کو متاثر کیا، کراچی کی بریرہ نے سلور میڈل حاصل کیا، جبکہ کراچی ہی کی زہرہ مصطفیٰ اور زوہا فاطمہ نے برونز میڈلز اپنے نام کیے۔
بوائز سنگلز ایونٹ میں کراچی کے اسماعیل نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، زید نے سلور میڈل حاصل کیا جبکہ ریان اور اسامہ خان نے برونز میڈلز جیتے۔
والدین اور شائقینِ کھیل نے ایونٹ کے شاندار انتظامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کے مزید مقابلے منعقد کیے جائیں گے تاکہ کم عمر کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو پیشہ ورانہ سطح تک لایا جا سکے۔



