نیشنل گرڈ کمپنی نے 50 ویں انٹر یونٹ بیڈمنٹن چیمپئن شپ جیت لی
گیپکو دوسرے فیسکو تیسرے نمبر پر رہا، ملک کی سب سے بڑی کمپنی لیسکو کی شرمناک کارکردگی

نیشنل گرڈ کمپنی نے 50 ویں انٹر یونٹ بیڈمنٹن چیمپئن شپ جیت لی
گیپکو دوسرے فیسکو تیسرے نمبر پر رہا، ملک کی سب سے بڑی کمپنی لیسکو کی شرمناک کارکردگی
فاتح ٹیم سے تعلق رکھنے والی قومی چیمپئن ماحور شہزاد ایونٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں

لاہور ; نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 50ویں سالانہ واپڈا انٹر یونٹ بیڈمنٹن مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے شاندار کامیابی اپنے نام کرلی۔
ٹورنامنٹ واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا جس میں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیز کی سات ٹیموں این جی سی، لیسکو، گیپکو، فیسکو، میپکو، آئیسکو اور کیسکو نے حصہ لیا۔
ٹورنامنٹ میں این جی سی نے 170 پوائنٹس حاصل کر کے چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا گیپکو نے 104 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور فیسکو نے 58 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ملک کی سب سے بڑی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لیسکو وکٹری سٹینڈ پر بھی نہ آسکی
جو نہ صرف لیسکو سپورٹس ایسوسی ایشن بلکہ ادارے کی ٹاپ مینجمنٹ کیلئے بھی لمحہ فکریہ ہے جو ہر ماہ کھلاڑیوں کو گھر بیٹھے ماہانہ تنخواہ کی مد میں کروڑوں روپے کی ادائیگی کر رہے ہیں۔ قومی چیمپئن ماحور شہزاد ایونٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔
ٹورنامنٹ کے آخری روز انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی نیشنل گرڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر تھے۔
انہوں نے مقابلوں میں شریک کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور جیتنے والے کھلاڑیوں اور تمام ٹیموں کے منیجرز کو ٹرافیاں اور شیلڈز دیں۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ادارے کا نام روشن کرنے پر این جی سی ٹیم کو خصوصی طور پر سراہا۔
تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر اور صدر این جی سی سپورٹس ایسوسی ایشن انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔



