قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ ; پشاور نے بہاولپور کو 8 وکٹوں سے ہرادیا
ملتان کے عرفات منہاس کی پہلی فرسٹ کلاس سنچری

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ۔ پشاور نے بہاولپور کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔
ملتان کے عرفات منہاس کی پہلی فرسٹ کلاس سنچری
اسلام آباد 20 اکتوبر۔ قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے تیسرے دن پشاور نے بہاولپور کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ملتان کے نوجوان بیٹر عرفات منہاس نے پہلی فرسٹ کلاس سنچری سکور کی۔
شعیب اخترکرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں بہاولپور کی ٹیم دوسری اننگز میں 261 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعد خان اور مبصرخان نے نصف سنچریاں بنائیں ۔
افتخار احمد نے 52 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور کو جیتنے کے لیے 114 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 2 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔عامر برکی نے 71 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔
مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ایبٹ آباد نے اسلام آباد کے خلاف دوسری اننگز 314 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔فخرزمان دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 74 رنز بناکر نمایاں رہے۔ احمد خان نے 57۔یاسرخان نے 56 اور محمد بلال نے 54 رنز بنائے۔
اسلام آباد کو جیت کے لیے 524 رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 2وکٹوں پر234 رنز بنائے تھے۔راجہ حمزہ وحید 112 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے شامل حسین نے 81 رنز کی اننگز کھیلی۔
عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں فاٹا کی ٹیم کراچی بلوز کے خلاف دوسری اننگز میں 190 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔محمد عثمان نے 56 اور محمد فاروق نے 54 رنز سکور کیے۔محمد اصغر اور ثاقب خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔
کراچی بلوز کو جیت کے لیے296 رنز کا ہدف ملا ہے کھیل ختم ہونے پر اس نے4 وکٹوں پر 67 رنز بنائے تھے۔شاہدعزیز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں سیالکوٹ نے لاہور وائٹس کے خلاف دوسری اننگز 402 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ محسن ریاض نے100 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ محمد ہریرہ 90 عاشرمحمود79 اور ایاز تصور 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
لاہور وائٹس کو جیتنے کے لیے 390 رنز کا ہدف ملا ہے۔کھیل ختم ہونے پر اس نے ایک وکٹ پر 18 رنز بنائے تھے۔
ایبٹ آباد سٹیڈیم میں ملتان نے فیصل آباد کے خلاف پہلی اننگز 551 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ 20 سالہ عرفات منہاس نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلی سنچری سکور کی اور 22چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 152 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔علی عثمان نے 63 رنز بنائے۔
فیصل آباد نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 223 رنز بنائے تھے۔عاصم علی ناصر 85 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔



