دیگر سپورٹس

فرنٹیئر کالج فار ویمن پشاور کی ٹیم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا.

فرنٹیئر کالج فار ویمن پشاور کی ٹیم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا.

پشاور (سپورٹس لنک رپورٹ) فرنٹیئر کالج فار ویمن پشاور کی باصلاحیت طالبات نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے صوبائی سطح پر منعقدہ انٹر کالجز گیمز میں تھرو بال اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

یہ مقابلے صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف کالجز کے درمیان منعقد ہوئے جن میں درجنوں ٹیموں نے حصہ لیا۔

ان مقابلوں کا مقصد طالبات میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا، ٹیم ورک اور قیادت کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھافرنٹیئر کالج کی ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کی بلکہ فیصلہ کن مقابلوں میں بہترین کارکردگی دکھا کر کامیابی اپنے نام کر لی۔

تھرو بال کے فائنل میں فرح کی قیادت میں نادیہ، نرمال، ایمان، اقراء اور لائبہ پر مشتمل ٹیم نے حریف ٹیم کو واضح فرق سے شکست دی، جبکہ ٹیبل ٹینس میں مریم، خدیجہ، حفصہ اور عائشہ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

دونوں ایونٹس میں کامیاب ہونے والی طالبات نے کوچز اور فیکلٹی کی رہنمائی میں کئی ہفتوں کی محنت کے بعد یہ نمایاں کامیابی حاصل کی پرنسپل فرنٹیئر کالج فار ویمن،

پروفیسر ڈاکٹر شاہین عمر نے طالبات اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کالج کی طالبات نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ محنت، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ہماری طالبات نہ صرف تعلیم بلکہ کھیلوں کے میدان میں بھی نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہیں۔

”انہوں نے مزید کہا کہ کالج انتظامیہ آئندہ بھی ایسی سرگرمیوں کو فروغ دیتی رہے گی تاکہ طالبات کو نصابی کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی مواقع فراہم ہوں۔

اختتامی تقریب میں کامیاب ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر شرکاء نے فرنٹیئر کالج کی طالبات کی کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں صوبے اور ملک کی نمائندگی بھی کریں گی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!