کرکٹ

بیٹنگ میری پہلی ترجیح ہے، مگر مکمل آل راؤنڈر بننے کی کوشش جاری ہے: سلمان علی آغا

بیٹنگ میری پہلی ترجیح ہے، مگر مکمل آل راؤنڈر بننے کی کوشش جاری ہے: سلمان علی آغا

اسپورٹس لنک ایکسکلوسیو ; پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ وہ میدان میں بیٹنگ، بولنگ اور فارم کو یکساں بنانے کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں، تاہم ان کے نزدیک بیٹنگ ان کی اولین ترجیح اور قومی ٹیم میں ان کا بنیادی کردار ہے۔

ایک خصوصی گفتگو میں اس سوال پر کہ آیا وہ اپنے آپ کو بیٹر، بولر یا حقیقی آل راؤنڈر سمجھتے ہیں، 30 سالہ سلمان نے کہا: “مجھے بیٹنگ بہت پسند ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کو اہم میچوں میں کامیابی دلواؤں، یہی میری پہلی ترجیح ہے۔ اس کے بعد بولنگ آتی ہے، میں کوشش کرتا ہوں کہ ضرورت پڑنے پر ٹیم کو اہم وکٹیں دلاؤں۔”

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی بولنگ میں بہتری کے لیے بھی باقاعدہ محنت کر رہے ہیں، مگر پریشر صورتحال میں بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانا ان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ “ضرور میں ایک مکمل آل راؤنڈر بننا چاہتا ہوں، مگر اگر کردار کی تعریف کرنی ہو تو میں خود کو پہلے ایک بیٹر سمجھتا ہوں، یہ وہ شعبہ ہے جہاں میں پاکستان کی بہتر خدمت کر سکتا ہوں۔”

انہوں نے مزید کہا۔ سلمان آغا حالیہ عرصے میں پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ میں اہم مڈل آرڈر بیٹر اور قابل اعتماد آف اسپنر کے طور پر ابھرے ہیں۔ ان کی قیادت میں جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں میں اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

کپتان نے بتایا کہ پاکستان ورلڈ کپ تک اٹیکنگ کرکٹ کی پالیسی جاری رکھے گا۔ “ہم ہر گراؤنڈ کا اسکور پیٹرن دیکھتے ہیں اور کوشش ہوتی ہے کہ ہدف یا پار اسکور سے 15 رنز زیادہ بنائیں تاکہ ہمارے بولرز کو فائدہ ملے۔”

یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا آغاز منگل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ بقیہ میچ 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

پاکستان اسکواڈ: سلمان علی آغا (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، حسن نواز، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان (وکٹ کیپر)، عثمان طارق۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!