یو اے ای بُلز پہلی بار ابوظہبی ٹی10 لیگ کی چیمپئن بن گئی

یو اے ای بُلز پہلی بار ابوظہبی ٹی10 لیگ کی چیمپئن بن گئی
ابوظہبی :ابوظہبی کے زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں یو اے بُلز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئےاسپن اسٹالینز کو 80 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ابوظہبی ٹی10 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اس تاریخی کامیابی میں سب سے نمایاں کردار آسٹریلوی اسٹار ٹم ڈیوڈ کا تھا جنہوں نے محض 30 گیندوں پر ناقابلِ شکست 98 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر میچ کا نقشہ بدل دیا۔
ان کی اننگز میں 3 چوکے اور 12 چھکے شامل تھے۔ٹم ڈیوڈ نے 326.66 کے تباہ کن اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے آخری اوور میں اشمیڈ نیڈ کی بولنگ پر 32 رنز بٹورے اور اپنی سیزن کی مجموعی رنز تعداد 393 تک پہنچا دی۔
ابتدائی بلے باز فل سالٹ نے 18 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ جیمز ونس انجری کے باعث بغیر رنز بنائے ریٹائر ہرٹ ہو گئے۔ روومن پاول (24 رنز) نے ٹم ڈیوڈ کے ساتھ مل کر 128 رنز کی اہم شراکت قائم کی جس کی بدولت یو اے ای بُلزنے ایک مشکل ہدف ترتیب دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ااسپن اسٹالینز کی ٹیم دباؤ کا شکار نظر آئی۔ اینڈرے فلیچر صرف دو رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہرٹ ہوگئے جبکہ شرفین ردرفورڈ بغیر کوئی رن بنائے فضل الحق فاروقی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کپتان رحمان اللہ گرباز 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔بُلز کے بولرز نے شاندار لائن اینڈ لینتھ کے ساتھ مخالف ٹیم کو صرف 70 رنز تک محدود رکھا۔یو اے ای بُلز کی جانب سے فضل الحق فاروقی، جنید صدیق، افتخار احمد اور قیس احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹیم کے آل راؤنڈ کنٹرول اور ڈسپلن نے فائنل کو یکطرفہ مقابلے میں بدل دیا۔ٹم ڈیوڈ کو ان کی شاندار پرفارمنس پرٹورنامنٹ کا بہترین بیٹراورٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔
ٹورنامنٹ کے بہترین بائولر کا اعزاز اینڈریو ٹائی (ویسٹا رائیڈرز) کے نام رہا جبکہ یو اے ای پلیئر آف ٹورنامنٹ جنید صدیق قرار پائے، جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی۔



