لاہور ڈسٹرکٹ فٹ بال چیمپئن شپ; باٹا پور فٹ بال کلب پلیئنگ رائٹس کا نیا چیمپئن بن گیا

لاہور ڈسٹرکٹ فٹ بال چیمپئن شپ; باٹا پور فٹ بال کلب پلیئنگ رائٹس کا نیا چیمپئن بن گیا
لاہور ڈسٹرکٹ فٹ بال چیمپئن شپ کے پلیئنگ رائٹس ٹیمز کے درمیان ایونٹ کا فائنل سنسنی خیز مقابلے کے بعد باٹا پور فٹ بال کلب نے اپنے نام کرلیا۔
پلیئنگ رائٹس کیٹگری کے اس بڑے معرکے میں باٹا پور فٹ بال کلب نے فیم فٹ بال اکیڈمی کو پینلٹی شوٹ آؤٹس میں تین کے مقابلے چار گول سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
فائنل میچ ماڈل ٹاؤن گراونڈ میں کھیلا گیاجہاں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ فیم فٹ بال اکیڈمی کے کھلاڑی صفدر نے پہلے ہاف میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جسے دوسرے ہاف میں باٹا پور ٹیم کے علی رضا نے گول کرکے ختم کردیا۔
مقررہ وقت تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا جس کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹس پر ہوا ۔ اعصاب شکن مقابلے میں باٹا پور کے گول کیپر اور کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ٹیم کو چیمپئن بنا دیا۔
ٹورنامنٹ کے آرگنائزر اور صدر ڈی ایف اے لاہور ضیاء عارف ڈوگر کے مطابق فائنل میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی قابلِ تعریف رہی جبکہ شائقین کی بڑی تعداد نے میدان میں آکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
چیمپئن ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے کامیابی کو اپنی محنت، ٹیم ورک اور کوچز کی بہترین حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر فاتح ٹیم کو ٹرافی اور میڈلز بھی دیے گئےجبکہ فیم فٹ بال اکیڈمی کی عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔



