میڈرڈ(سپورٹس لنک رپورٹ)سپین میں جاری میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں برطانوی کھلاڑی کائیل ایڈمنڈ نے اپنے کیریئر کی اہم ترین کامیابی حاصل کرتے ہوئے سربیا کے نوواک جوکووچ کا ایونٹ سے صفایا کرڈالا جبکہ گریگور ڈیمٹروف بھی ناکامی کے گڑھے میں جا گرے اور ویمنز ایونٹ سے کیرولین ووزنیاکی کا بھی اخراج ہو گیا۔میڈرڈ اوپن کے مینز سنگل مقابلوں میں بڑا اپ سیٹ اس وقت دیکھنے میں آیا جب برطانیہ کے کائیل ایڈمنڈ نے نمبر دس سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ کو چھ،تین،دو،چھ اور چھ،تین سے مات دے دی جبکہ کینیڈا کے مائیلوس رونیک نے نمبر تین سیڈ بلغاریہ کے گریگور ڈیمٹروف کو سات،پانچ،تین،چھ اور چھ،تین سے حیران کن شکست دے کر لاسٹ 16 راؤنڈ میں قدم رکھ دیا۔ لاسٹ 32 راؤنڈ کے دیگر میچوں میں نمبر چار سیڈ یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو،کروشیا کے بورنا کورچ،ارجنٹائن کے لیونارڈو میئر،نمبر سات سیڈ امریکا کے جان آئزنر،نمبر تیرہ سیڈ ارجنٹائن کے ڈیگو شوارٹزمین،ٹاپ سیڈ اسپین کے رافیل نڈال،نمبر آٹھ سیڈ بلجیم کے ڈیوڈ گوفن،یوروگوئے کے پابلو کیوواس،نمبر چھ سیڈ جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن اور جرمنی کے فلپ کولشرائبر بھی آخری 16 پلیئرز میں شامل ہو گئے جبکہ نمبر گیارہ سیڈ اسپین کے رابرٹو بوٹسٹا اگٹ کا سفر بھی تمام ہو گیا۔اسی ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگل پری کوارٹر فائنل مرحلے میں ہالینڈ کی ککی برٹینز نے نمبر دو سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزنیاکی کو چھ،دو کے یکساں اسکور سے مات دی جبکہ نمبر چھ سیڈ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا نے نمبر نو سیڈ امریکا کی سلون اسٹیفنز کو چھ،دو اور چھ،تین سے ہرا کر لاسٹ ایٹ راؤنڈ میں جگہ بنالی جہاں اپنے میچز جیت کر روس کی ماریہ شراپوا،نمبر دس سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویٹووا،اسپین کی کارلاسواریز نوارو،فرانس کی کیرولین گارشیا،ٹاپ سیڈ رومانیہ کی سیمونا ہالیپ بھی جا پہنچی ہیں۔