
انڈر 19ون ڈے ٹرائی سیریز: قومی ٹیم پہلا میچ افغانستان کے خلاف کھیلے گی
سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہرارے اسپورٹس کلب، زمبابوے میں کھیلا جائے گا۔
تین ملکی سیریز کے لیگ مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ دو ٹیمیں 6 جنوری کو فائنل میں مدِمقابل ہوں گی۔ اس سیریز کو پاکستان انڈر 19 ٹیم کے لیے آئندہ انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
سیریز سے قبل پاکستان ٹیم نے اپنا پہلا باقاعدہ ٹریننگ سیشن مکمل کیا، جس میں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ ایشیا کپ میں شاندار کامیابی کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے اور کھلاڑی پُراعتماد دکھائی دے رہے ہیں۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ایشیا کپ میں کامیابی نے ٹیم کے حوصلے بلند کیے ہیں اور تین ملکی سیریز نوجوان کھلاڑیوں کو مزید اعتماد فراہم کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سیریز سے ورلڈ کپ کے لیے بہترین کمبی نیشن بنانے میں بھی مدد ملے گی، جو ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔



