ہاکی

پاکستان ہاکی ایک بار پھر سیاست کی نذر، شہلا رضا کا فیڈریشن انتخابات ماننے سے انکار

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اپنا علیحدہ پورٹل بنائے اور اپنے الیکشن کمیشن کے تحت شفاف انتخابات کرائے

پاکستان ہاکی ایک بار پھر سیاست کی نذر، شہلا رضا کا فیڈریشن انتخابات ماننے سے انکار

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اپنا علیحدہ پورٹل بنائے اور اپنے الیکشن کمیشن کے تحت شفاف انتخابات کرائے

ممبر قومی اسمبلی و رکن اسٹینڈنگ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ سیدہ شہلا رضا نے ہاکی فیڈریشن کے انتخابی عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا

انتخابات کے لئے ہاکی فیڈریشن کی نگرانی میں جاری اسکروٹنی کے عمل کو نہیں مانتے اور نہ ہی انتخابات ہونے دینگے ہمیں معلوم ہے انتخابات کیسے رکوانا ہے، سیدہ شہلا رضا

فیلڈ مارشل عاصم منیر ہاکی فیڈریشن کے معاملات سے باخبر ہیں، انہوں نے کور کمانڈر کراچی کو اولمپئنز سے ملاقات کرنے اور معاملات دیکھنے کی ہدایت کی ہے، سابق کپتان ناصر علی

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اپنے فرسٹ کزن کے مفاد کے لئے فیڈریشن کے بدعنوان عناصر سے ہاتھ ملا لیا ہے، وزیراعظم انصاف کرینگے تو معلوم ہوگا کہ ملک میں نواز شریف کی حکومت ہے، سابق کپتان حنیف خان

کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کے دوران اولمپئنز سمیع اللہ، کلیم اللہ، افتخار سید، ایاز محمود اور رحیم خان نے وزیراعظم سے ہاکی فیڈریشن میں ایڈہاک لگانے اور ڈی جی پی ایس بی کو ان کے عہدے سے فارغ کرنے کا بڑا مطالبہ کیا۔۔۔۔

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ملک بھر سے اسکروٹنی کے عمل کے دوران ملنے والی شکایات اور ڈائریکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیر زادہ کی جانب دارانہ رویہ کے خلاف ہنگامی اور

پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران ممبر قومی اسمبلی و رکن اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ و چیئر مین کے ایچ اے ویمنز ہاکی ایسوسی ایشن سیدہ شہلا رضا نے ہاکی فیڈریشن کے انتخابات کو ماننے سے انکار کردیا،اولمپئنز کلیم اللہ، سمیع اللہ، افتخار سید، حنیف خان، ایاز محمود، ناصر علی، رحیم خان اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں حیدر حسین، پرویز اقبال،

چیئرمین کراچی ہاکی ایسوسی ایشن گلفراز خان، سینئر نائب صدور اعجاز الدین، ڈاکٹر عبد الماجد،سیکریٹری سندھ ہاکی ایسوسی ایشن اکبر قائم خانی سمیت دیگر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران سیدہ شہلا رضا نے

مزید کہا کہ سال 2022 سے ہاکی فیڈریشن کو بدعنوان ٹولے سے نجات دلانے کے لئے لڑرہی ہوں، وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سابقہ دور میں ایک نوٹیفیکشن کے ذریعے ہاکی فیڈریشن کے انتخابات دو ماہ میں کرانے اور بنائی گئی

دو کمیٹیوں کے ذریعے موصول ہونے والی بدعنوانیوں کی 500 پیراز میں سے 113 کی تحقیات ایف آئی اے سے کروانے کی ہدایت کی تھی، موجودہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی نگرانی میں قائم ہونے والی کمیٹی کا ایک اجلاس بھی نہیں ہوا،

ہماری کوششوں سے ہاکی فیڈریشن کا معاملہ قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ میں آیا تو قائمہ کمیٹی کی سب کمیٹی نے تمام صورتحال پر ایک جامع رپورٹ تیار کی جس کی منظوری اسٹینڈنگ کمیٹی نے بھی دی،

رپورٹ کے مطابق ہاکی فیڈریشن کے انتخابات پاکستان اسپورٹس بورڈ کی قائم کردہ الیکشن کمیشن کو کرانا ہے تاہم اچانک ہاکی فیڈریشن نے انتخابی عمل کا آغاز کیا تو 16 دسمبر 2025 کو پی ایس بی نے ایک نوٹیفیکشن کے ذریعے ہاکی فیڈریشن کو انتخابی عمل روکنے کا حکم دیا

اور ساتھ ہی ہدایت کی کہ اسکروٹنی اور انتخابات کرانا پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کام ہے لیکن حیرت انگیز طور پر پی ایس بی نے اچانک 6 جنوری 2026 کو ایک نوٹیفیکشن کے جاری ہاکی فیڈریشن کو کلبز کی اسکروٹنی کا عمل 16 جنوری تک مکمل کرکے 22 جنوری کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی،

شہلا رضا نے سوال کیا کہ جب انتخابات ہاکی فیڈریشن کے موجودہ بدعنوان ٹولے نے کرانا تھا تو پی ایس بی نے تین رکنی الیکشن کمیشن کیوں بنایا، اسٹینڈنگ کمیٹی کو اتنا کام کرنے کی کیا ضرورت تھی،

وزیراعظم پاکستان کو ہاکی فیڈریشن میں نگراں صدر لگانے کی کیا ضرورت تھی، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹ سے ثابت ہے کہ طارق میسوری بگٹی ایک نامزد صدر ہیں ان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے دور کے نوٹیفیکشن اور آڈیٹر جنرل کی رپورٹ سے ثابت ہے کہ وہ منتخب صدر نہیں ہیں

اور ناہی اولمپئن رانا مجاہد فیڈریشن کے منتخب سیکریٹری ہیں خود پاکستان اسپورٹس بورڈ بھی انہیں منتخب نہیں سمجھتا پھر ان کی نگرانی میں انتخابات کیسے ہوسکتے ہیں, سارے کھیل کے پیچھے دی جی اسپورٹس بورڈ یاسر پیر زادہ اور ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشن رانا نصر اللہ ہیں،

رانا نصر اللہ کو سابق وفاقی وزیر آئی پی سی احسان مزاری نے پی ایس بی میں بدعنوانی کے ایک کیس میں براہ راست ملوث ہونے پر ملازمت سے فارغ کردیا تھا تاہم رانا نصر اللہ نے چال بازی کے ذریعے اپنی ملازمت بحال کروالی ہے،

پاکستان اسپورٹس بورڈ اسٹینڈنگ کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں اپنا پورٹل بنائے اور اپنے الیکشن کمیشن کی نگرانی میں انتخابات کروائے بصورت دیگر ہم انتخابات کو نہیں مانیں گے اور نہ انتخابات ہونے دینگے

ہمیں پتہ ہے کہ انتخابات کیسے رکوانا ہے، شہلا رضا نے اس تاثر کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں کے پیچھے اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں.

وزیراعظم پیٹرن انچیف ہونے کی حیثیت سے قومی کھیل کی بحالی اور فیڈریشن کو بدعنوان عناصر سے نجات دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے،

اس موقع پر سابق کپتان ناصر علی نے کہا کہ پہلے جیولین تھرو ماسٹر اولمپئن ارشد ندیم کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ملاقات اور پھر 35 ویں نیشنل گیمز کراچی کی اختتامی تقریب کے موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ہاکی کے حوالے سے تمام تفصیلات سے آگاہ کرچکا ہوں،

نیشنل اسٹیڈیم میں فیلڈ مارشل نے کور کمانڈر کراچی کو اولمپئنز سے ملاقات کرکے ہاکی کے معاملات مزید جاننے کی ہدایت کی تھی، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیر زادہ نے اپنے فرسٹ کزن زاہد پیر زادہ کو ہاکی فیڈریشن میں اہم عہدہ دلانے کے لئے فیڈریشن کے بدعنوان عناصر سے ہاتھ ملا لیا ہے،

سابق کپتان حنیف خان نے کہا کہ اولمپئن رانا مجاہد جس طرح ہاکی کھیلتے تھے اسی طرح فیڈریشن میں کرپشن کررہے ہیں، وزیراعظم اپنی ہدایات پر عمل کرائیں چونکہ جب انصاف ہوگا تب ہی پتہ چلے گا کہ ملک میں نواز شریف کی جماعت مسلم لیگ ن کی حکمرانی ہے، سابق اولمپئنز کلیم اللہ، سمیع اللہ، افتخار سید،

ایاز محمود اور رحیم خان پریس کانفرنس میں ان لائن شرکت کرنے والے اولمپئن شہناز شیخ سمیت تمام اولمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے وزیراعظم سے ہاکی فیڈریشن میں ایڈہاک لگانے اور کسی غیر جانب دار شخص کو ہاکی فیڈریشن کا نگران نامزد کرنے کے ساتھ ڈی جی اسپورٹس بورڈ یاسر پیر زادہ کو ان کے عہدے سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا۔۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!