
بنگلادیش کا بھارت جانے سے انکار، آئی سی سی کا وفد بی سی بی کو منانے کیلیے تیار
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو منانے کے لیے اپنا وفد بنگلادیش بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کا وفد بنگلادیش کے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ نہ کھیلنے سے متعلق فیصلے پر بات چیت کے لیے اس ہفتے کے آخر میں ڈھاکا جائے گا۔
آئی سی سی وفد بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی قیادت سے ملاقات کرے گا اور سیکیورٹی سے متعلق تفصیلات کے ساتھ ایک آزاد رسک اسیسمنٹ رپورٹ پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
یہ دونوں فریقین کی پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی، اس سے قبل تمام بات چیت ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ہوتی رہی ہے۔
بی سی بی نے حال ہی میں ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث وہ ٹیم کو بھارت بھیجنے پر آمادہ نہیں ہیں۔



