
پی ایس ایل کے میچز بھارت میں ٹیلی کاسٹ نہیں ہوں گے، پی سی بی
ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس ایک سال کیلئے فروخت ہو گئے ہیں۔انڈیا ریجن کے پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس فروخت نہیں کیے گئے۔
پی سی بی حکام کے مطابق انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کے لیے پی سی بی کی مقررہ ریزرو قیمت سے بھی زیادہ بولی لگی۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی مالیت میں 149 فیصد اضافہ۔ یہ اضافہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور برانڈ ویلیو کا واضح ثبوت ہے۔
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل دنیا کی صفِ اول کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اپنی جگہ مضبوط کر رہا ہے۔
انٹرنیشنل میڈیا رائٹس میں 149 فیصد اضافہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پر عالمی اعتماد کا عکاسی ہے۔ پی ایس ایل کی مسابقتی اور معیاری کرکٹ نے دنیا بھر کے شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے معاہدے نے لیگ کی بزنس گروتھ پر ہمارے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ بولی میں ریکارڈ اضافہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔
فرنچائزز، کھلاڑیوں اور شراکت داروں کا لیگ کو عالمی برانڈ بنانے میں بنیادی کردار رہا ہے۔ پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا سپورٹس برانڈ بن گیا ہے۔
سلمان نصیر نے کہاکہ عالمی سطح پر شائقین کی تعداد بڑھانے کے لیےپی ایس ایل کی رسائی میں مزید توسیع ہوئی ہے۔ اب پی ایس ایل کے میچز دنیا بھر میں پہلے سے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر دیکھے جائیں گے۔



