فٹ بال

آئیوری کوسٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے کی تیاری: فیفا ایونٹ میں پاکستان ویمن ٹیم کا تاریخی ڈیبیو

آئیوری کوسٹ میں نئی تاریخ رقم کرنے کی تیاری: فیفا ایونٹ میں پاکستان ویمن ٹیم کا تاریخی ڈیبیو

لاہور: پاکستان میں خواتین کے کھیل کی تاریخ ایک نیا موڑ لینے کو ہے، جہاں قومی ویمن فٹ بال ٹیم پہلی بار فیفا کے باضابطہ ایونٹ ‘فیفا سیریز’ میں شرکت کے لیے رختِ سفر باندھ رہی ہے۔

آئیوری کوسٹ کے میدانوں میں 9 سے 16 اپریل تک سجنے والا یہ میلہ پاکستانی کھلاڑیوں کے لیے محض ایک ٹورنامنٹ نہیں، بلکہ بین الاقوامی افق پر اپنی شناخت منوانے کا ایک سنہرا موقع ہے۔

پاکستان اپنی مہم کا آغاز 9 اپریل کو ترکس اینڈ کیکوس آئی لینڈز کے خلاف کرے گا۔ دوسرا معرکہ 12 اپریل کو موریطانیہ سے ہوگا، جبکہ گروپ مرحلے کا آخری اور کڑا امتحان 16 اپریل کو میزبان ملک آئیوری کوسٹ کے مدمقابل ہوگا۔

ہیڈ کوچ عدیل رضکی کی زیرِ نگرانی لاہور میں لگائے گئے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کے پسینے نے عزم کی نئی تصویر کشی کی ہے۔ فارورڈ نادیہ خان نے پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وعدوں کو حقیقت میں بدلنا ہی اصل کامیابی ہے، اور یہ موقع ہمیں عالمی سطح پر نکھرنے میں مدد دے گا۔

گول کیپر زیانہ جیوراج نے ٹیم کے باہمی تال میل کو کلیدی قرار دیا، جبکہ مڈ فیلڈر ثنا مہدی نے شائقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ان دعاؤں اور جوش کے ساتھ اپنی ٹیم کی پشت پناہی کریں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کی سینئر ویمن ٹیم کسی فیفا سینکشنڈ ایونٹ کا حصہ بن رہی ہے، جو ملک میں فٹ بال کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔ قومی دستہ پیر کے روز آئیوری کوسٹ کے لیے اڑان بھرے گا، جہاں ان کے خوابوں کو حقیقت کی تعبیر ملنے والی ہے۔

قومی اسکواڈ (پاکستان ویمن ٹیم): گول کیپرز: زیانہ جیوراج، نشا اشرف، آرزو ہزارہ۔ ڈیفنڈرز: اسراء خان، عنایہ احمد، انمول ہیرا، کیلا صدیقی، کریسا جیوراج، عالیہ صادق، ماریا خان، نزالیہ صدیقی۔ مڈ فیلڈرز: سہا ہیرانی، رامین فرید، لیلیٰ بنارس، ثنا مہدی، زہمینہ ملک۔ فارورڈز: مریم محمود، اقصی مشتاق، ایمن الطاف، نادیہ خان، مریم زہری، ازوہ چوہدری۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!