
پاکستان فٹ بال کی نئی تاریخ: انڈر-16 قومی اسکواڈ یوئیفا ٹورنامنٹ کے لیے روانہ
لاہور: پاکستان انڈر-16 بوائز فٹ بال ٹیم یوئیفا ڈویلپمنٹ ٹورنامنٹ 2026 میں شرکت کے لیے قازقستان روانہ ہو گئی۔ یہ ملکی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ کوئی بھی پاکستانی اسکواڈ یوئیفا کے زیرِ انتظام ایونٹ میں حصہ لے رہا ہے، جو پاکستان میں یوتھ فٹ بال کے ایک نئے عالمی دور کا پیش خیمہ ہے۔
یہ ٹورنامنٹ 24 سے 30 اپریل تک قازقستان کے نامور ‘نامیس اسٹیڈیم’ میں منعقد ہوگا، جہاں 19 رکنی قومی اسکواڈ میزبان قازقستان کے علاوہ فٹ بال کی عالمی طاقتوں، روس اور آذربائیجان کے خلاف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائے گا۔
کراچی سے روانہ ہونے والی یہ ٹیم آج رات الماتی پہنچے گی۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اپنا پہلا میچ 25 اپریل کو قازقستان، 27 کو روس اور 30 اپریل کو آذربائیجان کے خلاف کھیلے گا۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے اس دورے کو ایک "عظیم پیش رفت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی سطح کے مقابلوں تک رسائی ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ناگزیر تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ "عالمی معیار کے کھلاڑی مقامی سطح پر نہیں بنتے؛ اس بین الاقوامی پلیٹ فارم کے ذریعے ہمارے لڑکوں کو اپنی کردار سازی اور بین الاقوامی معیار کو سمجھنے کا موقع ملے گا۔”
یہ ٹورنامنٹ پاکستانی کھلاڑیوں کو تکنیکی اور حکمتِ عملی کے لحاظ سے جدید فٹ بال سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا، جس سے مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے ایک مضبوط بنیاد میسر آئے گی۔
19 رکنی آفیشل اسکواڈ:
گول کیپرز: سمر رزاق، نوید اللہ۔
ڈیفینڈرز: محمد عالم، حمزہ امجد، مقبول احمد، ندیم حسین، عبدالرحیم الہی، سید منظر شاہ۔
مڈ فیلڈرز: محمد مصطفیٰ، محمد عیسیٰ، ساگر مہربان، ہارون رشید، شہراز خان، عبدالصمد، حمزہ یاسر، محمد حنظلہ۔
فارورڈز: دانش مسیح، محمد رافع، کلیم اللہ۔



