
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا سہ ملکی سیریز کھیلنے پر متفق
ویب ڈیسک: پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے فارمیٹ میں سہ ملکی سیریز کے انعقاد پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے، جس کے رواں سال اکتوبر کے آخری ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سیریز کے وینیوز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کے بعد شیڈول متعلقہ کرکٹ بورڈز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا اور باہمی مشاورت سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) لاہور میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مجوزہ ون ڈے سیریز کے انعقاد کے لیے کرکٹ آسٹریلیا کے جواب کا منتظر ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سیریز کے تمام میچز لاہور میں کرانے کی تجویز دی ہے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق ون ڈے میچز 31 مئی، 2 جون اور 4 جون کو کھیلے جا سکتے ہیں، تاہم حتمی تاریخوں کا اعلان کرکٹ آسٹریلیا کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
مزید برآں، سری لنکا کرکٹ ٹیم کے متوقع دورۂ پاکستان کے دوران دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی شیڈول کیے جانے کا امکان ہے، جس سے شائقینِ کرکٹ کو بھرپور ایکشن دیکھنے کو ملے گا۔



