ممبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی داڑھی کا اسٹائل ناصرف ان کی ٹیم بلکہ دنیا بھر میں کافی مقبول ہے اور یہی وجہ ہے کہ عالمی شہرت یافتہ بلے باز نے داڑھی کو شیو کرنے سے انکار کردیا ہے۔دنیا میں سب سے زیادہ تنخواہ حاصل کرنے والے ایتھلیٹ ویرات کوہلی موجودہ دور کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹارز میں سے ایک تصور کیے جاتے ہیں اور ان کی داڑھی کا اسٹائل بھی کافی مقبول ہے اور کوہلی نے واضح کیا کہ ان کا مستقبل قریب میں اپنی داڑھی کو صاف کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ایک تقریب کے دوران بھارتی ٹیم کے کپتان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ کبھی اپنی داڑھی کا اسٹائل بھی ختم کریں گے جسے وہ انتہائی باریک بینی سے تراشتے ہیں تو کوہلی نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ میرا نہیں خیال میں ایسا کروں گا کیونکہ میں اسے پسند کرتا ہوں۔29سالہ کرکٹر نے کہا کہ میرا خیال ہے یہ مجھ پر جچتی ہے لہٰذا میں اسے ہٹانا نہیں چاہوں گا۔ اس کا خیال رکھنا بھی زیادہ مشکل نہیں لیکن جب یہ بڑھ جاتی ہے تو مجھے اسے تراشنا پڑتا ہے۔یاد رہے کہ ایک سال پہلے تک کوہلی کا داڑھی کا اسٹائل اس حد تک مقبول ہوا تھا کہ بھارتی ٹیم کے تقریباً تمام ہی کھلاڑیوں کی داڑھی تھی لیکن پھر اس جمود کو توڑنے کے لیے ہردک پانڈیا اور روہت شرما سمیت چند کھلاڑیوں نے شیو کر لی تھی۔کوہلی کی داڑھی کا اسٹائل بھارت سے باہر بھی کافی قمبول ہے اور محمد حفیظ سمیت متعدد کرکٹرز اور دیگر اسٹارز نے ان کے اسٹائل کو اپنایا۔ ویرات کوہلی کی بیوی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما سے جب سوشل میڈیا پر اس حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کوہلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی داڑھی کا اسٹائل نہیں بدل سکتے۔کوہلی ٹیلی ویژن اشتہارات میں سب سے زیادہ نظر آنے والی سلیبرٹیز میں سے ایک ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی الماری میں سب سے اہم چیز ان کے سفید رنگ کے اسنیکرز کا جوڑا ہے اور وہ ہر 2 ہفتے بعد خود ان کی صفائی کرتے ہیں۔