اتھلیٹکسدیگر سپورٹس

ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز میں اعزاز کے دفاع کے لیے پُرعزم، تیاری مکمل ہونے کا اعلان

ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز میں اعزاز کے دفاع کے لیے پُرعزم، تیاری مکمل ہونے کا اعلان

لاہور: اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں اپنے اعزاز کا دفاع کرنے کے لیے تیاری مکمل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک بار پھر تاریخ دہرانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

پاکستان کے اولمپین ارشد ندیم نے 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں ریکارڈ تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ تیاری بھی اسی معیار کی ہے اور وہ خود کو اب بھی اسی پوزیشن میں محسوس کرتے ہیں جہاں 2022 میں تھے۔

پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں آخری تربیتی سیشن کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز کے لیے اچھی تیاری ہو چکی ہے۔ بڑے ایونٹ سے قبل وہ بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کریں گے تاکہ اپنی تیاری، طاقت اور کارکردگی کا جائزہ لے سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ کل سوئٹزرلینڈ روانہ ہوں گے، جہاں بین الاقوامی مقابلے میں حصہ لیں گے، کسی بھی بڑے ایونٹ سے پہلے ایک مقابلے میں شرکت سے تیاری کا اندازہ ہو جاتا ہے اور خامیوں کو دور کرنے کا موقع ملتا ہے۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے کہا کہ 2022 کامن ویلتھ گیمز کی یادیں اب بھی تازہ ہیں،

جب انہوں نے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا، چار سال گزرنے کے باوجود وہ خود کو اسی مقام پر محسوس کرتے ہیں، مسلسل چیمپئن رہنے کے باعث اس بار ذمہ داری اور توقعات کا دباؤ بھی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا اصل مقابلہ ہمیشہ خود سے رہا ہے اور اس بار بھی کوشش ہوگی کہ اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ ارشد ندیم نے کہا کہ سری لنکا کے کھلاڑی نے بھی حالیہ عرصے میں اچھی تھرو کی ہے، اس لیے مقابلہ سخت ہوگا لیکن وہ اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ارشد ندیم نے کہا کہ میدان میں اترتے وقت دباؤ ہمیشہ ہوتا ہے، اصل کامیابی یہ ہے کہ اس دباؤ کو قابو میں رکھا جائے،کامن ویلتھ گیمز کا اعزاز ان کے کیریئر میں بہت اہم مقام رکھتا ہے اور وہ پاکستان کے لیے ایک بار پھر کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے ایتھلیٹ ہیں جنہوں نے اولمپکس کے لیے براہِ راست کوالیفائی کیا۔ ارشد ندیم نے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انہیں فٹ رکھے تاکہ وہ اسی طرح بہترین تھرو کرتے رہیں اور ملک کا نام روشن کریں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!