کرکٹ

مائیکل بریسویل گلوبل سپر لیگ 2026 میں لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے، شان ٹیٹ ہیڈ کوچ مقرر

مائیکل بریسویل گلوبل سپر لیگ 2026 میں لاہور قلندرز کی قیادت کریں گے، شان ٹیٹ ہیڈ کوچ مقرر

لاہور: لاہور قلندرز نے گیانا میں منعقد ہونے والی باوقار ‘ایکسن موبل گلوبل سپر لیگ 2026’ کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر مائیکل بریسویل ٹیم کی قیادت کریں گے۔

عالمی سطح پر اپنی دھاک بٹھانے کے لیے فرنچائز نے بین الاقوامی تجربے اور پاکستان کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ پر مشتمل ایک متوازن اسکواڈ تشکیل دیا ہے۔

لاہور قلندرز نے اس مہم کے لیے آسٹریلیا کے سابق تیز ترین باؤلر شان ٹیٹ کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کی بھی تصدیق کی ہے۔ شان ٹیٹ کی شمولیت سے قلندرز کے کوچنگ سیٹ اپ کو غیر معمولی تقویت ملے گی۔

لاہور قلندرز کے مالک اور سی ای او، عاطف رانا نے شان ٹیٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا: "ہم شان ٹیٹ کو لاہور قلندرز فیملی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ شان کا عالمی معیار کا تجربہ اور جیتنے کا عزم ہمارے کھلاڑیوں کے لیے انتہائی قیمتی ثابت ہوگا۔ ان کی موجودگی ہمارے اس عزم کی عکاس ہے کہ ہم اپنے نوجوان ٹیلنٹ کو بین الاقوامی سطح پر سیکھنے، مقابلہ کرنے اور کامیاب ہونے کے لیے بہترین ماحول فراہم کریں۔”

اسکواڈ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے مالک اور ٹیم ڈائریکٹر، ثمین رانا کا کہنا تھا: "ہم نے ایسے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تیار کیا ہے جو پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ اس بین الاقوامی لیگ میں شرکت سے انہیں مختلف حالات اور بہترین حریفوں کے خلاف کھیلنے کا قیمتی تجربہ ملے گا۔ ہمیں اس گروپ پر پورا بھروسہ ہے اور یقین ہے کہ یہ ٹیم ٹرافی جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔”

یہ ٹورنامنٹ 23 جولائی سے یکم اگست 2026 تک گیانا کے تاریخی نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس میں دنیا بھر کی ممتاز فرنچائز ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ لاہور قلندرز اپنی مہم کا آغاز 23 جولائی کو پرتھ اسکارچرز کے خلاف میچ سے کرے گی،

جس کے بعد 24 جولائی کو اس کا مقابلہ ڈیزرٹ وائپرز سے ہوگا۔ قلندرز 26 جولائی کو میزبان گیانا ایمیزون واریئرز اور 29 جولائی کو سان فرانسسکو یونیکورنز کے مدمقابل آئے گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل یکم اگست 2026 کو کھیلا جائے گا۔

گلوبل سپر لیگ کے لیے لاہور قلندرز کا اسکواڈ: مائیکل بریسویل (کپتان – نیوزی لینڈ)، پرویز حسین ایمون (بنگلہ دیش)، شایان جہانگیر (امریکہ)، ڈیلانو پوٹگیٹر (جنوبی افریقہ)، عبداللہ شفیق، اسامہ میر، شامیل حسین، محمد نعیم، عمران رندھاوا، مہران ممتاز، فرحان یوسف، شہاب خان، محمد باسط اور علی شبیر۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!