ہاکی

قومی ہاکی ٹیم 15 ستمبر کو ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان روانہ ہوگی۔

پاکستان ہاکی ٹیم ایشین گیمز کی تیاری کے لیے 5 ستمبر کو کوریا روانہ ہوگی

 پاکستان ہاکی ٹیم ایشین گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں 5 ستمبر کو جنوبی کوریا کا دورہ کرے گی جہاں قومی کھلاڑی میزبان ٹیم کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس سیریز کا مقصد کھلاڑیوں کو اہم ٹورنامنٹ سے قبل بھرپور پریکٹس کا موقع فراہم کرنا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے بتایا کہ ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو ایشین گیمز کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کوریا کے خلاف یہ سیریز ایشین گیمز میں پاکستان کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

قومی ہاکی ٹیم 15 ستمبر کو ایشین گیمز میں شرکت کے لیے جاپان کے شہر ناگویا روانہ ہوگی۔

ایشین گیمز میں پاکستان کا مقابلہ ملائیشیا، چین، عمان، ازبکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیموں سے ہوگا۔ اس ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم لاس اینجلس اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کر جائے گی۔

محی الدین وانی نے مزید کہا کہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں،

تاہم نتائج سامنے آنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سینئر، جونیئر اور انڈر ففٹین ہاکی چیمپئن شپ جنوری میں منعقد کی جائے گی جس کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ روپے انعامی رقم مختص کی گئی ہے۔

فیڈریشن حکام نے دعویٰ کیا کہ کھلاڑیوں کو ماضی میں درپیش مسائل کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور اب انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سینئر، جونیئر اور ویمنز ٹیموں کو انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع دیے جا رہے ہیں تاکہ عالمی رینکنگ میں بہتری آ سکے۔

صدر پی ایچ ایف نے واضح کیا کہ ڈومیسٹک سطح پر کھلاڑیوں کے مالی مسائل حل کرنے کی بھی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کا سفر جاری ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ملک کا نام روشن کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!