امام الحق اور محمد رضوان ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے نا اہل قرار
پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔

امام الحق اور محمد رضوان ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے نا اہل قرار
دورۂ انگلینڈ سے واپس بلائے جانے کے بعد محمد رضوان اور امام الحق کے لیے ایک اور بڑا فیصلہ سامنے آگیا ہے۔ دونوں قومی کرکٹرز اب ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے اہم کھلاڑی امام الحق اور محمد رضوان کو فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع نہ کرانے پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے نااہل قرار دے دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹرز فٹنس ٹیسٹ نہ دینے کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں اپنی اپنی ٹیموں کی نمائندگی نہیں کر سکیں گے۔
پی سی بی کے قواعد کے تحت فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کے لیے کھلاڑیوں کی فٹنس ٹیسٹ رپورٹس جمع کرانا لازمی ہے، تاہم امام الحق اور محمد رضوان کے محکموں کی جانب سے فٹنس ٹیسٹ رپورٹس پی سی بی کو موصول نہیں ہوئیں۔
پریزیڈنٹ ٹرافی کا آغاز کل سے راولپنڈی، اسلام آباد، ایبٹ آباد اور پشاور میں ہو رہا ہے۔
امام الحق نے او جی ڈی سی ایل کی بطور کپتان پی ٹی وی کے خلاف میچ میں قیادت کرنا تھی، جبکہ شان مسعود کی عدم موجودگی میں محمد رضوان نے پہلے راؤنڈ میں سوئی گیس کی قیادت سنبھالنی تھی۔
ذرائع کے مطابق ایک جانب دونوں کرکٹرز کے خلاف انکوائری جاری ہے، جبکہ دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر ہونے کے بعد ان کے مستقبل پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
پی سی بی نے تمام کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں کم از کم پانچ، پانچ میچز کھیلنا لازمی قرار دے رکھا ہے۔ ایسے میں امام الحق اور محمد رضوان کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ برقرار رکھنا بھی مشکل دکھائی دے رہا ہے۔
خیال رہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو دورۂ انگلینڈ سے وطن واپس بلا لیا گیا تھا اور دونوں کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ایسے میں ڈومیسٹک کرکٹ سے باہر کیے جانے کے فیصلے نے دونوں کھلاڑیوں کے لیے صورتحال مزید مشکل بنا دی ہے۔



