کرکٹ

7 سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی، بابر اعظم دونوں اننگز میں ناکام، صرف 16 رنز بناسکے

7 سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی، بابر اعظم دونوں اننگز میں ناکام، صرف 16 رنز بناسکے

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی 7 سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی یادگار نہ بن سکی،بابراعظم دونوں اننگز میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور مجموعی طور پر صرف 16 رنز بنا سکے۔

ایبٹ آباد میں او جی ڈی سی ایل اور کے آر ایل کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بابر اعظم نے طویل عرصے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کی، تاہم ان کی بیٹنگ شائقین کی توقعات پر پوری نہ اتر سکی۔

کے آر ایل کے خلاف پہلی اننگز میں بابر اعظم صرف 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ دوسری اننگز میں بھی ان کا بیٹ خاموش رہا اور وہ صرف 4 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

بابر اعظم کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین میدان میں موجود تھے، تاہم قومی کپتان کی مختصر اننگز کے باعث انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ بالآخر ٹائی ہوگیا۔

بابر اعظم نے آخری مرتبہ 2019 میں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا، جہاں انہوں نے سینٹرل پنجاب کی قیادت کرتے ہوئے ناردرن کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم کی آخری سنچری دسمبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں سامنے آئی تھی، جہاں انہوں نے 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

اس کے بعد ان کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور 88 رنز رہا، جو انہوں نے گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بنایا۔2023 کے آغاز سے ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی ہے، جو ان کی مجموعی کیریئر اوسط سے 12.55 رنز کم ہے۔

اس دوران انہوں نے 39 اننگز میں 8 نصف سنچریاں اسکور کیں، تاہم آخری 5 ٹیسٹ میچز میں وہ 4 نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔بابر اعظم کی فارم میں اتار چڑھاؤ گزشتہ کچھ عرصے سے پاکستان کرکٹ میں زیر بحث رہا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف حالیہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو 0-3 سے شکست ہوئی، جبکہ بابر اعظم انجری کے باعث ہیڈنگلے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔

رواں سیزن میں کئی قومی کھلاڑی پریذیڈنٹ ٹرافی میں ایکشن میں ہیں،

جن میں شاہین شاہ آفریدی اور سلمان علی آغا بھی شامل ہیں۔ پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت اے کیٹیگری کے ٹیسٹ اسپیشلسٹس کے لیے سالانہ کم از کم 6 فرسٹ کلاس میچز کھیلنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

سات سال بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی بابر اعظم کے لیے خاطرخواہ آغاز ثابت نہ ہوسکی، اب نظریں اس بات پر ہیں کہ وہ آئندہ فرسٹ کلاس میچز میں اپنی فارم واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یا نہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
error: Content is protected !!