پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
انٹرنیشنل کیریئر میں 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز کا ریٹائرمنٹ کا اعلان
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، تاہم وہ کرکٹ سے مکمل طور پر دور نہیں ہوں گی اور میچ ریفری کے طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں جاری رکھیں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کائنات امتیاز نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے دوران 19 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
کائنات امتیاز 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والی پاکستان ٹیم کا بھی حصہ رہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا،
جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی اکتوبر 2022 میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔انٹرنیشنل کرکٹ سے دوری کے بعد کائنات امتیاز نے کمنٹری کے شعبے میں بھی قدم رکھا اور اب وہ ویمن میچ ریفری کے طور پر بھی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں ویمن میچ ریفری کی حیثیت سے اپنے نئے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔کائنات امتیاز کے کرکٹ سے جڑے رہنے کی ایک اور خاص وجہ ان کی والدہ سلیمہ امتیاز بھی ہیں،
جو امپائرنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ سلیمہ امتیاز آئی سی سی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی ویمن امپائر ہیں۔
سلیمہ امتیاز اب تک 9 ویمن ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔کائنات امتیاز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کا اگلا سفر میچ ریفری کے طور پر ویمن کرکٹ سے جڑا رہے گا۔



