
پاکستان ون ڈے اسکواڈ کی ٹرائی سیریز کے لیے تیاریاں شروع،راولپنڈی میں بھرپور ٹریننگ سیشن
راولپنڈی :(نوازگوھر) شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم کے 16 رکنی اسکواڈ نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
قومی اسکواڈ نے جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 گھنٹے تک سخت ٹریننگ کی۔ ٹریننگ سیشن شام 4 بجے سے 7 بجے تک جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق ٹریننگ سیشن کی نگرانی ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، بیٹنگ کوچ مائیک سمتھ، باؤلنگ کوچ شان ٹیٹ اور فیلڈنگ کوچ منصور امجد نے کی۔
ٹریننگ کے دوران تمام 16 کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔فاسٹ باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، فہیم اشرف اور رضا اللہ نے اپنی لائن لینتھ پر کام کیا۔
سابق آسٹریلوی اسٹار شان ٹیٹ نے باؤلرز کی رہنمائی کی۔جبکہ اسپن ڈیپارٹمنٹ میں شاداب خان، ابرار احمد، عرفات منہاس اور صفیان مقیم نے نیٹ میں طویل اسپیل کرائے۔
پاکستان ٹیم کل جمعہ اور ہفتہ کو بھی اسی مقام پر شام 4 سے 7 بجے تک ٹریننگ کرے گی۔
شیڈول:
پاکستان ٹیم ٹرائی سیریز میں:18 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف – راولپنڈی ، 20 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف – راولپنڈی
25 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف – لاہور ،27 اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف – لاہورمیدان میں اترے گی۔



