دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان اور انگلینڈ کا لارڈز میں کھیلا جانے والے ٹیسٹ میچ مکمل ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی۔میچ میں 8 وکٹیں لینے والے محمد عباس کی بولنگ رینکنگ میں 9 درجے بہتری آئی ہے اور وہ 29 سے 20 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔اسی طرح 5 وکٹیں لینے والے محمد عامر 5 درجے بہتری کے ساتھ 32ویں اور 4 وکٹیں لینے والے حسن علی 26 درجے ترقی کرکے 61ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔بولنگ کی فہرست میں جیم اینڈرسن پہلے نمبر پر ہیں۔بلے بازوں کی درجہ بندی میں پاکستان کے اسد شفیق، حارث سہیل اور بابر اعظم کی رینکنگ میں بھی بہتری ہوئی ہے لیکن تینوں بیٹسمین بدستور 50ویں پوزیشن سے بھی نیچے ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے 70رنز کی اننگز کھیلنے والے السٹر کک کی رینکنگ میں ایک درجے بہتری آئی ہے اور وہ 16ویں سے 15ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔اسی طرح لارڈز ٹیسٹ کے بعد ٹیم رینکنگ میں کوئی فرق نہیں پڑا البتہ دوسرا ٹیسٹ جیتنے پر پاکستان ساتویں سے پانچویں اور انگلینڈ پانچویں سے ساتویں پوزیشن پر چلا جائے گا۔ لیکن اگر سیریز برابر رہی تو پھر دونوں ٹیموں کی رینکنگ کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ یکم جون سے لیڈز میں شروع ہوگا۔