لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی اپنے انگلش ہم منصب کی درخواست پر پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لیڈز میں ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ دیکھیں گے۔چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی ان دنوں لندن میں موجود ہیں جہاں انہوں نے لارڈز میں قومی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ دیکھا تھا۔ٹیسٹ میچ کے دوران نجم سیٹھی نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کے علاوہ برطانوی وزیراعظم سے بھی ملاقات کی تھی۔اطلاعات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کو 31 مئی کو پاکستان کے لیے روانہ ہونا تھا تاہم نجی ٹی وی سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ای سی بی کے چئیرمین کولن گریو نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ ہیڈنگلے ٹیسٹ دیکھیں۔نجم سیٹھی نے کہا کہ مناسب نہیں تھا کہ وہ اپنے انگلش ہم منصب کی دعوت سے انکار کرتے لہٰذا اب اپنا قیام بڑھاتے ہوئے لیڈز جانے کا فیصلہ کیا ہے۔لارڈز ٹیسٹ میں سرفراز الیون کی 9وکٹ کی جیت پر گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ ٹیم ورک اور کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کے سبب ممکن ہوا۔بطور چئیرمین ٹیم کی جیت پر انعام کے سوال پر نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ لیڈز ٹیسٹ ہو جائے اور ٹیم انشاء اللہ سیریز جیت جائے تو اس بارے میں ضرور بات ہو گی۔