لیڈز(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ٹیم کا بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں توقعات کے مطابق پرفارم کرنا خوشی کی بات ہے لیکن ہم اب بھی اس بات پر قائم ہیں کہ ابھی ٹیم کو بہت کچھ کرنا ہے۔لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراونڈ پر ٹیسٹ میچ سے ایک دن پہلے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ ٹیم ابھی سیکھنے کے مرحلے سے گزر رہی ہے، لارڈز ٹیسٹ کی جیت اچھی بات ہے البتہ اب ساری نظریں دوسرے ٹیسٹ پر مرکوز ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میں زخمی بابر اعظم کی جگہ عثمان صلاح الدین کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو پچھلے تین دوروں سے ٹیم کے ساتھ ہیں۔ٹیم کی پریکٹس کے حوالے سے سرفراز نے کہا کہ گزشتہ روز بارش کے سبب انہیں انڈور ٹریننگ تک محدود رہنا پڑا تھا لیکن لیڈز میں آج دھوپ ہےجس کی وجہ سے انہیں کھلے میدان میں پریکٹس کا موقع مل رہا ہے۔لیڈز کی پچ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ پچ کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں جانتے،آج اس بارے میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔سرفراز کے مطابق لیسڑ شائر کے خلاف دو روزہ میچ میں عثمان صلاح الدین نے نصف سینچری بنائی تھی، جس سے یہ کہنا آسان ہے کہ ان کی کارکردگی کیسی ہے۔ فخر زمان کے سوال پر کہ ان کو نہ کھلانے کا فیصلہ کیوں کیا؟ سرفراز نے کہا کہ یہ آسان نہیں تھا، فخر سے ہمیں بڑی امیدیں ہیں، وہ ایک سے چھ تک کسی بھی نمبر پر بیٹنگ کرنے کی اہلیت رکھتے تاہم لیڈز میں انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا جا رہا۔