ارجنٹائن: (سپورٹس لنک رپورٹ) انفرادی کامیابیوں اور ایوارڈز کے مالک لیکن اپنے ملک ارجنٹائن کے لیے مایوسی کی تصویر بننے والے لیونل میسی آج 31 برس کے ہو گئے۔پھرتیلے اور بھڑکیلے کھیل فٹبال کے سپر سٹار لیونل میسی 24 جون 1987 کو ارجنٹائن کے شہر روساریئو میں پیدا ہوئے۔ لیونل میسی سپینش کلب بارسلونا اور ارجنٹائن کے فارورڈ کھلاڑی ہیں۔ حریف ٹیموں پر اٹیک کامیاب بنانا میسی کے بائیں ہاتھ کا کھیل سمجھا جاتا ہے۔ 5 بیلان ڈی آر اور یورپئین گولڈن شوز کے ریکارڈ 5 ایوارڈز سمیت کئی اعزاز میسی کی شاندار کامیابیوں کا ثبوت ہیں۔کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے میسی کا ہر میچ یادگار بنا، لیکن افسوس کہ ملک ارجنٹائن کے لیے کھیلنا کبھی یادگار نہ بن سکا، چوتھی بار فیفا ورلڈکپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ٹیم کو پہلے کبھی چیمپئن نہ بنوا سکے اور رواں ایونٹ میں بھی کارکردگی متاثرکن نہیں ہے۔فیفا 2018 میں آئس لینڈ کے خلاف پنلٹی مِس کرنا میسی کے ہی گلے پڑا، کروشیا کے خلاف تین صفر کی بدترین شکست پر بھی میسی ہی تنقید کا شکار بنے۔ 26 جون کو نائیجریا کا میچ میسی کی ٹیم ارجنٹائن کے لیے "آر یا پار” کا ہوگا۔